سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں پیپلز پارٹی لاہور اور شعبہ خواتین کے زیر اہتمام چیئرنگ کراس اور لبرٹی چوک میں الگ الگ تقاریب کا انعقاد

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں پیپلز پارٹی لاہور اور شعبہ خواتین کے زیر اہتمام چیئرنگ کراس اور لبرٹی چوک میں الگ الگ تقاریب کا انعقاد کیاگیا اورشہداء کی یاد میں موم بتیاں جلائی گئیں۔ چیئرنگ کراس میں ہونیوالی تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی لاہور کی تنظیم کی جانب سے کیاگیا تھا جبکہ لبرٹی چوک میں شعبہ خواتین کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی۔

دونوں تقاریب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد، صدر لاہور حاجی عزیز الرحمن چن، شعبہ خواتین پنجاب کی صدر بیگم ثمینہ خالد گھرکی اور سنیئر رہنما شاہدہ جبیں نے خطاب کیا۔ چوہدری منظور احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء پیپلز پارٹی کا فخر ہیں جنہوںنے اپنی جانیں قربان کرکے دہشت گردوں کو اپنی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے دور رکھا، شہداء نے ظالم دہشت گردوں کا حملہ اپنی قیمتیں جانیں قربان کرکے ناکام بنایا اور اپنی قائد کے آگے دیوار بن گئے ، جو پاکستان کے غریبوں کے حالات بدلنے کیلئے پاکستان آئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہید بی بی کے افکار کی روشنی میں پیپلز پارٹی آج بھی جدوجہد کررہی ہے ، ہم شور کی بجائے کام پر یقین رکھتے ہیں ۔ حاجی عزیز الرحمن چن نے کہاکہ شہید بی بی شہادت کے بعد بھی دنیا بھر کے سیاستدانوں کی آئیڈیل ہیںجنہوںنے جمہوری طریقے سے ہر آمریت اور آمریت نواز کا مقابلہ کیا یہی تربیت انہوںنے اپنے کارکنوںکو دی جنہوںنے اپنی جان قربان کرنا تو قبول کیا لیکن دہشت گردوں کو اپنی قائد تک پہنچنے نہیںدیا۔

بیگم ثمینہ خالد گھرکی نے کہاکہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہمارا اثاثہ ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہماری پارٹی کے کارکن ملک و قوم اور اپنی قیادت کیلئے جان پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتے، یہ اعزاز کسی اور پارٹی کو حاصل نہیں ہے۔ سنیئر رہنما شاہدہ جبیں نے کہاکہ جتنی عزت شہید بی بی نے اپنے کارکنوں کودی کسی پارٹی نے اپنی کارکن کو نہیں دی اسی لئے سانحہ کارساز میں کارکنوںنے اپنی پرواہ کیے بغیر اپنی قائد شہید بی بی کیلئے خود کوقربان کردیا۔ دونوں تقاریب میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اورجیالوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :