ہم نے بلوچستان کو جدید اور سہولیات سے آراستہ پبلک ٹرانسپورٹ دی ہے،شیخ جعفر خان مندوخیل

اجارہ داریوں کا خاتمہ کرکے پبلک ٹرانسپورٹ کے پرانے نظام اور غیر معیاری سروس سے عوام کو نجات دلائی ہے،صدر مسلم لیگ بلوچستان کی گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان کو جدید اور سہولیات سے آراستہ پبلک ٹرانسپورٹ دی ہے اور اجارہ داریوں کا خاتمہ کرکے پبلک ٹرانسپورٹ کے پرانے نظام اور غیر معیاری سروس سے عوام کو نجات دلائی ہے۔ ژوب میں ٹرانسپورٹ سروس کے سلسلے میں عوامی شکایات مل رہی ہیں لہٰذا ژوب کے لئے سروس کو بہتر کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالخالق مندوخیل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالخالق مندوخیل نے کہا کہ انہوں نے ژوب کے بس مالکان کو عوامی شکایات سے آگاہ کردیا ہے کہ بسوں کی حالت اور معیارکو درست کریں اور مسافروں کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں۔

(جاری ہے)

جعفر خان مندوخیل نے اس موقع پر سیکریٹری عبدالخالق مندوخیل کو ہدایت کی کہ ژوب سمیت تمام شہروں کے لئے چلنے والی بسوں کا معائنہ کریں اور مسافروں کے ساتھ دوران سفر اچھا برتاؤ کی تلقین کریں۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہم نے بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ سروس کی حالت میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں اور ملک کے بڑے شہروں کے لئے ٹرانسپورٹروں کو روٹ پرمٹ دیئے اور بلوچستان کی شاہراہوں پر اجارہ داری کا خاتمہ کرتے ہوئے ہر کسی کے لئے پرمٹ عام کیا اور آئندہ بھی جدید سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :