وفاقی کابینہ کی ایل اوسی پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت ،زخمیوں کی جلد صحتیابی، کوئٹہ، کرم ایجنسی دہشت گرد حملوں میں جاں بحق افراد کیلئے دعا

اجلاس میں معاشی میدان میں نمایاں کامیابیوں پروزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف ، اقتصادی ترقی کی 5.3فیصد شرح دس سال میں بلند ترین ہے ، عالمی بینک نے بھی اس کی توثیق کی ہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا خطاب کابینہ کی ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان ایل این جی کی فراہمی کے حوالے سے بین الحکومتی معاہدے پر دستخطوں ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو ترکی اور سعودی عرب سے ملنے والے ایوارڈ تسلیم کئے جانے، پاکستان مورٹ گیج ریفائن کمپنی کابینکنگ کمپنیز آرڈیننس کے تحت ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹیٹیوشن کے طور پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تجویز کی منظوری

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وفاقی کابینہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت اورزخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی جبکہ کوئٹہ اور کرم ایجنسی میں دہشت گرد حملوں میں جاں بحق افراد کیلئے دعا کی گئی ،اجلاس میں کابینہ کی معاشی میدان میں نمایاں کامیابیوں پر اسحاق ڈار کی تعریف کی گئی اور کہا گیا کہ اقتصادی ترقی کی 5.3فیصد شرح دس سال میں بلند ترین ہے ،اقتصادی ترقی کی عالمی بینک نے بھی توثیق کی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی اور بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس کیساتھ کوئٹہ اور کرم ایجنسی میں دہشت گرد حملوں میں جاں بحق افراد کیلئے بھی دعا کی گئی ۔اجلاس میں کابینہ کی معاشی میدان میں نمایاں کامیابیوں پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کی گئی اور کہا گیا کہ اقتصادی ترقی کی 5.3فیصد شرح دس سال میں بلند ترین ہے ۔

اقتصادی ترقی کی عالمی بینک نے بھی توثیق کی ہے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی کو دفعہ 44(1)پریونشن آف اسمگلنگ ایکٹ 1977کے تحت سپیشل اپیلٹ کورٹ خیبرپختونخوا کی جج تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے پاکستان مورٹ گیج ریفائن کمپنی کا بینکنگ کمپنیز آرڈیننس 1962کی دفعہ 3(A)کے تحت ڈویلپمنٹ فنانشل انسٹیٹیوشن کے طور پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

ایڈیشنل سیکرٹری امور خارجہ ڈویژن امتیاز احمد کو ملنے والے ارجنٹائن ایوارڈ آرڈر آف مایو کو تسلیم کئے جانے کے حوالے سے ایکس پوسٹ فیکٹو کی بھی اجازت دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت پٹرولیم ڈویژن حکومت پاکستان اور ملائیشیاء کے وزیراعظم کے شعبہ اقتصادی منصوبہ بندی یونٹ کے درمیان ایل این جی کی فراہمی کے حوالے سے بین الحکومتی معاہدے پر دستخطوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو سعودی عرب اور ترک حکومت کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس اور لیجن آف میرٹ ایوارڈ دیئے جانے کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ایکس پوسٹ فیکٹو کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں ٹیفے ڈائریکٹرز آسٹریلیا اور پاکستان کے شعبہ قومی پیشہ وارانہ اور تکنیکی تربیتی کمیشن کے درمیان تربیتی اور پیشہ وارانہ تکنیکی تربیت کی حوصلہ افزائی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی بھی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 6اکتوبر 2017کو کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کے 6ممبران کے تقررکی بھی منظوری دی۔