مددگار 15 سے شہریوں کو دن اور رات میں کسی بھی وقت پولیس کی بروقت مدد مل سکے گی،ایس ایس پی جعفرآباد

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:24

جعفرآباد۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ایس ایس پی جعفرآباد طارق الہیٰ مستوئی نے کہا ہے کہ مددگار 15 سے شہریوں کو دن اور رات میں کسی بھی وقت پولیس کی بروقت مدد مل سکے گی۔ ون فائیو سینٹر میں پولیس چوبیس گھنٹے الرٹ رہے گی شہری ایک درخواست پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سر ٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ پولیس نے اپنے کردار سے ثابت کرنا ہے کہ وہ عوام کی محافظ فورس ہے۔

پولیس تھانوں ،سی آئی اے، ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاہم جرم اور جرائم پیشہ افراد سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید چیک پوسٹوں کا قیام زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مددگار ون فائیو کے اہلکاروں میں موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے موقع پر پولیس کے جوانوں سے خطاب بعد ازاں مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اپنے ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں مددگار ون فائیو کا مقصد شہریوں اور مسافروں کو بروقت کسی بھی حادثے یا جرم کی صورت میں فوری ریلیف یا مدد کی فراہمی ہے۔ اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ون فائیو سینٹر کو فعال بنایا گیا ہے۔ سینٹر میں پولیس کو ایمبولینس سروس اور فائر برگیڈ کی سہولیات بھی حاصل ہو ں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس تھانوں میں مظلوم کی داد رسی کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پولیس پراسکیوشن کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹھوس شہادتوں کی بنیاد پر مقدمات قائم کئے جائیںگے تاکہ ملزمان کسی بھی صورت تفتیشی عمل کی کمزوری کا فائدہ لیکر عدالتوں سے چھوٹنے نہ پائیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اوستہ محمد اور گردونواح میں ڈکیتی کی وارداتوںپر قابو پالیا گیا ہے جبکہ صوبے اور ملک میں جاری دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پولیس کو چوکس کر کے قومی تنصیبات کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے تو دوسری جانب ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی چیکنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے خصوصی دستے تعینات کر دئے ہیں پبلک مقامات پر سادہ لباس میں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :