سابق حکومت نے عوام کی ترجمانی کرنے کے بجائے اقتدار کو کرپشن، جھوٹ و اقرباء پروری کے ذریعہ بنایا پانچ سالوں میں گلگت بلتستان کیساتھ 60سالوں سے زیادہ ظلم کیا، ہم نے اقتدار کو آزمائش کے طور پر لیا ہے سابق حکمرانوں کی طرح چوری چکاری نہیں ،سیاست پیغمبرانہ پیشہ ہے لیکن چند کرپٹ لوگوں کی وجہ سے یہ مقدس پیشہ بدنام ہوا ہے

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا یاسین پولو گرائونڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:19

سابق حکومت نے عوام کی ترجمانی کرنے کے بجائے اقتدار کو کرپشن، جھوٹ و ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے یاسین پولو گرائونڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سابق حکومت نے عوام کی ترجمانی کرنے کے بجائے اقتدار کو کرپشن، جھوٹ اور اقرباء پروری کے ذریعہ بنایا پانچ سالوں میں گلگت بلتستان کے ساتھ 60سالوں سے زیادہ ظلم کیا۔ ہم نے اقتدار کو آزمائش کے طور پر لیا ہے سابق حکمرانوں کی طرح چوری چکاری نہیں کی ہے اس لئے آج عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

سیاست پیغمبرانہ پیشہ ہے لیکن چند کرپٹ لوگوں کی وجہ سے یہ مقدس پیشہ بدنام ہوا ہے۔ ہماری حکومت نے اداروں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ تمام اضلاع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 70 کروڑ کی خطیر رقم سے درکار ضروری مشینری فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ رواں ماہ کے 25تاریخ تک تھوئی پاور پروجیکٹ سے بجلی کی فراہمی کی جائے گی۔

غذر میں ایفاد پروجیکٹ کے تحت پانچ مقامات پر منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ذریعے غیر آباد زمین کو قابل کاشت بنایا جائے گا۔ گلگت بلتستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ آئندہ سال جون سے قبل گلگت چترال ایکسپریس وے پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ سابقہ پانچ سال حکومت کرنے والی جماعت آج بھی لاشوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔ امن وامان خراب کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

روشن، پرامن، خوشحال گلگت بلتستان ہمار امستقبل ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر یاسین کو سب ڈویژن بنانے کا اعلان کیا اور یاسین10بیڈ ہسپتال کو آئندہ مالی سال میں 30بیڈ ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ 20لاکھ کی لاگت سے یاسین پولو گرائونڈ کی تزائن و آرائش کی جائے گی اور جون سے قبل سیپ سکول اساتذہ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :