خیرپور اکنامک زون معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے کردار ادا کرے گا، کمشنر سکھر ڈویژن

بدھ 18 اکتوبر 2017 23:16

سکھر۔18اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عثمان چاچڑ نے کہا ہے کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون پاکستان کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے کردار ادا کرے گا زون کو گیس کی فراہمی سے سرمایہ کاروں کو صنعتوں کے قیام میں بڑی مدد ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور اسپیشل اکنامک زون کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈی سی خیرپور محمد نواز سوہو،سکھر آئی بی اے کے ڈائریکٹر اور چیئرمین پلاٹ الاٹمنٹ کمیٹی نثار احمد صدیقی ، پی ڈی اکنامک زون ریاض حسین وسان سمیت کمیٹی کے تکنیکی اراکین نے شرکت کی ۔کمشنر سکھر نے مذید کہا کہ اس زون کو درست سمت میں آگے بڑھانے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے انہوں نے زون میں بجلی اور گیس کی تنصیب کے کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

زون کو سی پیک معاہدے میں شامل کرانے کے لیے کوششیں بروئے کار لائیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ زون میں ترقیاتی کاموں کو مزی تیز کرنے اور سرمایہ کاروں کو بہترسہولیت فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی زون کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بہتر حکمت عملی کے تحت اقدامات پر عمل درآمد کرایا جائے گا ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام کمپنیوں کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے توسط سے پابند بنایا جائے کہ وہ اپنا کام بروقت مکمل کریں انہوں نے مزید ہدایت دیں کہ غیر مستند اور غیر ٹیکنیکل کمپنی ، ادارے یا فرد کو زون میں حصہ دار نہ بنایا جائے انہوں نے پی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں تفصیل سے غور کرکے منصوبہ بندی کریں انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی قانون کے مطابق بجلی، گیس ، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر تعمیرات کے کاموں میں موثر اقدامات کیے جائیں انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہوگی کہ بجلی کے نظام کو نافذکرنے کے لیے متعلقہ کمپنی سے معاملات کر بہتر طریقے سے حل کرکے کام مکمل کرایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ زون میں کمپنیوں کو ایکٹینشن دینے سے زون کو فائدہ ہونا چاہئے۔ اجلاس میں پی ڈی اکنامک زون ریاض حسین وسان نے زون کے قیام، پانی،بجلی، تعمیرات، گیس کی منظوری ، الاٹمنٹ اور دیگر امور پر تفصیل سے بریفنگ دی ۔