وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

کنٹرول لائن کے پار بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت،کرم ایجنسی اورکوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:58

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے بھارتی فوج کی طرف سے بدھ کو کنٹرول لائن کے پار بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون اور بچوں سمیت بیگناہ شہری زخمی ہوئے۔ کابینہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

کابینہ کے اجلاس میں اتوار کو کرم ایجنسی بارودی سرنگ کے دھماکہ کے شہداء اور بدھ کو کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔ کابینہ نے مالی سال 2017ء میں 10 سال کی بلند ترین 5.6 فیصد شرح نمو کے حصول کیلئے جس کی عالمی بینک نے بھی اپنے حالیہ بیان میں توثیق کی اور تسلیم کیا، غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے سمگلنگ کی روک تھام کے ایکٹ 1977ء کے سیکشن 46 (1) کے تحت پشاور ہائی کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی کو سپیشل اپیلٹ کورٹ خیبرپختونخوا کی جج کے طور پر مقرر کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے بینکنگ کمپنی آرڈیننس 1962ء کے سیکشن 3-A کے تحت پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ کے ترقیاتی مالیاتی ادارہ کے طور پر نوٹیفکیشن کے اجراء کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ امور ڈویژن امتیاز احمد کی طرف سے ارجنٹائن کے ’’ایوارڈ آرڈر آف مایو‘‘ قبول کرنے کی مؤثر بماضی منظوری دی۔ امتیاز احمد نے ارجنٹائن میں پاکستان کے سفیر کے طور پر فرائض کی انجام دہی کے دوران یہ ایوارڈ وصول کیا تھا۔ کابینہ نے وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اکنامک پلاننگ یونٹ، پرائم منسٹر ڈیپارٹمنٹ حکومت ملائیشیا کے درمیان ایل این جی کی فراہمی کے بین الحکومتی معاہدے پر بھی دستخط کی منظوری دی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی طرف سے سعودی عرب اور ترکی کی حکومت کی طرف سے ’’کنگ عبدالعزیز میڈل‘‘ اور ’’لیجن آف میرٹ‘‘ ایوارڈز قبول کرنے کی بھی مؤثر بماضی منظوری دی۔ کابینہ نے ٹیفی ڈائریکٹرز آسٹریلیا اور پاکستان نیشنل ووکیشنل و ٹیکنیکل کمیشن کے درمیان نیوٹیک کو فنی و پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے 6 اکتوبر 2017ء کو ہونے والے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مختلف فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے قومی صنعتی تعلقات کمیشن کے 6 ارکان کے تقرر کی بھی منظوری دی۔