سی پیک ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا،رضا گیلانی

منصوبہ 2025تک کم آمدنی والے اور زیادہ آمدنی والے ممالک کے درمیان تفاوت کو بالکل ختم کر دے گا، صوبائی وزیر کا سیمینار سے خطاب

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:53

سی پیک ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا،رضا گیلانی
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین اور پاکستان دونوں کی اقتصادی ترقی میں اہم مقام کا حامل ہے۔ یہ عظیم منصوبہ پاکستان کی ترقی میں سنگ میل کا کردار ادا کرے گا اور جنوب مشرقی ایشیا کو پاکستان کے ذریعے وسطی ایشیا ء ،افریقہ اور یورپ سے جوڑ دے گا۔

سی پیک پاکستان اور چائنہ کی عظیم دوستی کو مزید وسعت دے گا ۔ یہ منصوبہ 2025تک کم آمدنی والے اور زیادہ آمدنی والے ممالک کے درمیان تفاوت کو بالکل ختم کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور پاکستان میرین اکیڈمی کراچی کے اشتراک سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہونے والے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور کموڈور اکبر نقی ، ستارہ امتیاز ملٹری ، کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی پاکستان بھی موجود تھے۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری پاکستان میں ملازمتوں کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کرے گی ۔ اس مقصد کے لیے تیزی سے شاہرائوں ، بجلی کے منصوبوںاور صنعتی کارخانوں کا جال بچھ رہا ہے جو گلگت سے گوادر تک ہر جگہ اور ہر خطے میں اپنی موجودگی کا احساس دلا رہا ہے۔

حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور بہاول پور میں اس سیمینار کا انعقاد بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر پاکستان میرین اکیڈمی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے حکومت پنجاب کی جانب سے اس سیمینار کے انعقاد کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے انتخاب کو سراہتے ہوئے صوبائی وزیر رضا علی گیلانی اور کمانڈنٹ اکبر نقی اور اُن کے کیڈٹس کی جامعہ اسلامیہ آمد شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور ناصرف جنوبی پنجاب بلکہ پاکستان بھر میں صف اول کی جامعات میں شامل ہو چکی ہے جہاں پر تدریسی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا معیار اپنی مثالی آپ ہے۔ کمانڈنٹ اکبر نقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی سوئڈن کی علاقائی برانچ کے طور پر انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے منظور شدہ کورسز کی تعلیم فراہم کر رہی ہے جہاں پر مرچنٹ نیوی کے کیڈٹس کو تربیت دی جاتی ہے جو ملکی اور عالمی سطح پر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

ہمارے کیڈٹس کراچی پورٹ ٹرسٹ ، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ، پورٹ قاسم اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی اور سمندری تجارت میں اپنا کردار بخوبی نبھا رہے ہیں۔ چائنہ پاکستان کنامک کوری ڈور میں بحری تجارت کا اہم کردار ہے کیونکہ 96فیصد تیل کی تجارت اور 90فیصد عمومی تجارت سمندر کے ذریعے ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے سمینار کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن ، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ملک حبیب اللہ بھٹہ ، آصف گھلو ،سینئر اساتذہ کرام ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوںکے علاوہ سینکڑوں طلبہ وطالبات موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :