وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس کی ٹیلی فون پرگفتگو

مائیک پنس نے امریکی شہری خاندان کی بحفاظت بازیابی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا امریکی نائب صدر نے مستقبل قریب میں پاکستان کے دورہ کیلئے وزیراعظم کی دعوت قبول کر لی

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:27

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس کی ٹیلی فون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) امریکہ کے نائب صدر مائیک پنس نے بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور امریکی شہری کیٹ لین کولمین، اس کے شوہر جوشوا بوائل اور ان کے تین بچوں کی بحفاظت بازیابی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

امریکی نائب صدر نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ علاقہ میں امن و خوشحالی کیلئے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

(جاری ہے)

اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان امریکہ کی طرف سے کسی بھی خفیہ معلومات پر کارروائی کرے گا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ امریکی نائب صدر نے مستقبل قریب میں پاکستان کے دورہ کیلئے وزیراعظم کی دعوت قبول کر لی۔ قبل ازیں امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر امریکی حکومت کی طرف سے اظہار تشکر کیلئے ٹیلی فون کیا۔