سستی اور کاہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، سلطان اعظم تیموری

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:16

گوجرانوالہ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری نے کہاکہ عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کافوری اندراج اور تفتیش میرٹ پر کی جائے۔ شہریوں کے درد کو اپنا درد سمجھیں ان کے مسائل بلاتاخیر حل کیے جائیں ۔ہر پولیس افسر اور اہلکار اپنے افعال کا خودذمہ دار ہو گا ۔سستی اور کاہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

محکمہ کی بدنامی کاباعث بننے والے پولیس افسر اور جوانوں کے لئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز حافظ آباد میں شہدا کی یادگار ،پولیس لائن میس اور خدمت مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل ، پی ایس شبیر احمد ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرویز احمد ، ریڈر ماجد علی، POکلر ک نصیر احمد ،پولیس ترجمان عامر وسیم و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث نے آر پی او کو پولیس لائن کی مختلف مدات محرر دفتر،کوت خانہ ، متفرق سٹور ،ایم ٹی او آفس ، پولیس لائن میس اور کمروں کا معائنہ کرایا۔ ریجنل پولیس آفیسر نے یادگار شہدا کے افتتاح کے بعد شہداء کی یادگار پر پھولوں کا گلدستہ چڑھایا۔ اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے خیر بھی کی۔انہوں نے شہداء پولیس کی فیملیز کو باور کرواتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی موقع پر تنہا نہیں بلکہ محکمہ پولیس ان کے ساتھ ہے ۔

آر پی او نے کہا کہ شہدا ء کی فیملی اور پولیس افسروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں اور انہیں ریلیف دینے کے لئے مربوط حکمت عملی پر کام جاری ہے ۔آخر میں ریجنل پولیس آفیسر سطان اعظم تیموری نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل اور اُن کی ٹیم کو پنجاب بھر میں اول آنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ حافظ آباد پولیس اسی محنت ، لگن اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور شہریوں کی خدمت کرتے ہوئے اپنا اور محکمہ کا وقار بلند رکھیںگے۔