حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے،محمد آصف باجوہ

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:16

سیالکوٹ ۔18اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور قوم حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ محمد نواز شریف نے سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن کے باعث پاکستان کی ڈگمگاتی معیشت کو سہارا دیا اور گھنٹوں بند رہنے والی بجلی کو بحال کرتے ہوئے ملک بھر میں بجلی گھروں کی تعمیر کی جہاں سے عوام بجلی حاصل کر رہے ہیں ۔

حکومت نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ہماری حکومت عوام کو سستی بجلی دے گی جس کے لئے مرحلہ وار حکومت اپنے وعدے پورے کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی محمدنواز شریف کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور محمد نواز شریف ہی پاکستان کی ترقی کے ضامن ہیں ۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر پاکستان سے بہترتعلقات محمد نواز شریف کا اہم کارنامہ ہے اور ہمسایہ ممالک سے بہترین خارجہ پالیسی کے باعث سی پیک بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا اور مخالفین کو ایک بڑی ناکامی کا سامنا ہوگا ۔

مخالفین سی پیک کی تکمیل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور حکومت کی ترقی کو روکنے کے لئے دھرنا سیاست کو فروغ دیتے ہوئے معیشت کو خراب کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت خدمت خلق کی سیاست کر رہی ہے اور ہماری جماعت ہی آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ کامیابی حاصل کرے گی۔