کمشنر ہزارہ نے ایبٹ آباد شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے بلاخوف اور جرات مندانہ اقدامات کرنے کا حکم دیدیا

سی پیک کی تعمیر کی وجہ سے خراب ہونے والی سڑکوں کو فوری ٹھیک کیا جائے، قراقرم ہائی وے کی حالت درست کی جائے شہر کی خوبصورتی کیلئے ایک ارب روپے کی لاگت سے چوکوں، اندورن شہر سڑکوں اور مختلف پارکوں کو بہتر بنایا جائے گا تمام غیر قانونی پختہ یا عارضی تجاوزات اور غیر قانونی اڈوں کو 15 دنوں کے اندر ختم کیا جائے، کمشنر ہزارہ کی ہدایت

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:14

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے ہمیں بلاخوف اور جرات مندانہ اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ایبٹ آباد میں تمام غیر قانونی پختہ یا عارضی تجاوزات اور غیر قانونی اڈوں کو 15 دنوں کے اندر ختم کیا جائے، ہم سب نے ملکر شہر کی عوام کو ریلف فراہم کرنے سمیت اس کی خوبصورتی کیلئے کام کرنا ہے، ایبٹ آباد شہر میں سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک کا ہے، اس مسئلہ کو فوری حل کیا جائے، ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے ایک ارب روپے کی لاگت سے مختلف چوکوں، اندورن شہر سڑکوں، مختلف پارکوں کو بہتر بنایا جائے گا، شہر میں سٹریٹ لائٹس، فوڈ سٹریٹ، سیاحوں کیلئے پارک، واش روم، مختلف قبرستانوں کو محفوظ بنانے کیلئے چار دیواری سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو کمشنر ہائوس کے کانفرنس روم میں ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کے منصوبہ، ٹریفک کے مسائل، تجاوزات ہٹانے اور دیگر امور کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق سلیمانی، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر، سٹیشن کمانڈر، ایگزیٹو آفیسر کنٹونمنٹ، سیکرٹری آر ٹی اے، ٹی ایم او، ایکسین ٹی ایم اے، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے کے افسران، واسا کے افسران، ایس پی پولیس اور دیگر بھی موجود تھے۔

کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے ہدایت کی کہ سی پیک کی تعمیر کی وجہ سے جو سڑکیں خراب ہوئی ہیں ان کو فوری طور پر ٹھیک کروایا جائے، جب تک قراقرم ہائی وے کی حالت درست نہیں کی جائے گی اس وقت تک ایبٹ آباد شہرکی خوبصورتی ممکن نہیں ہو گی اس لئے سب سے پہلے این ایچ اے کو ہدایت کی جا تی ہے کہ وہ کے کے ایچ کی فوری طور پر امپرومنٹ کریں۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اراضی پر موجود تجاوزات بھی فوری ختم کرے، اس کے بعد کنٹونمنٹ، این ایچ اے اور ٹی ایم اے سب ملکر ایک جائنٹ آپریشن کریں گے اور تمام تجاوزات کو ہٹائیں گے۔

انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ 15 دنوں کے اندر ایبٹ آباد شہر اور ما نسہرہ روڈ سے تمام غیر قانونی اڈوں کو بند کریں اور قانونی اڈوں کو چیک کیا جائے کہ ان پر عوام کیلئے سہو لیات ہیں کہ نہیں کیونکہ ٹریفک کا سب سے بڑا مسئلہ مانسہرہ روڈ پر ہے جہاں پر سب سے زیادہ غیر قانونی اڈے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اس سارے کام کی خود مانیٹرنگ کریں گے، ٹی ایم اے ایبٹ آباد سالڈ ویسٹ ڈمپنگ سائیڈ سلہڈ کو یہاں سے کسی دوسری جگہ شفٹ کرنے کا بندوبست کرے، جب تک ڈمپنگ گرائونڈ یہاں موجود ہے روڈ سائیڈ پر دیوار لگا کر اس کو محفوظ بنایا جائے۔

انہوں نے ٹی ایم اے ایبٹ آباد کو ہدایت کی کی ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے جو بھی کام کے کے ایچ پر ہو اس پر این ایچ اے سے مشاورت کی جائے۔ کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے کہا کہ واسا ایک کمپنی ہے جس نے شہر کی 10 یونین کونسلوں میں کام کرنا تھا مگر اتنے عرصہ میں صرف چار یونین کونسلوں میں انہوں نے کام کیا جبکہ باقی چھ یونین کونسلوں میں ابھی تک کوئی بھی کام نہیں کیا، ان چھ یونین کونسلوں پر بھی فوری طور پر کام شروع کیا جائے کیونکہ کام کر کے دکھانا ہے، آج تک انہوں نے جو کام بھی کیا غیر تسلی بخش ہے جس کو وہ فوری طور پر بہتر بنائیں۔ انہو ں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ جو یوٹرن انہو ں نے مانسہرہ روڈ پر بنائے ہیں ان کو مزید بہتر بنایا جائے۔