ہزارہ یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنس اور لاء ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام یو این ڈی پی کے مالی و فنی تعاون سے سیمینار

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:14

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے پولیٹیکل سائنس اور لاء ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ یو این ڈی پی کے مالی و فنی تعاون سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ How Parliament Works کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کا مقصد یونیورسٹی کے سوشل سائنسز کے سکالرز کو پاکستانی پارلیمنٹ کی ساخت، اختیارات، اس کے کردار، قوائد و ضوابط اور کام کرنے کے مروجہ طریقہ کار کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

سیمینار کے ریسورس پرسن یو این ڈی پی کے الیکشن و پارلیمانی افسر قریش خان نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پارلیمانی طرز حکومت رائج ہے جس میں عوامی نمائندے قومی سطح پر قانون سازی کرتے ہیں جس کے تحت نظام حکومت چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کے مسائل کے متفقہ حل کیلئے پارلیمانی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں پارلیمنٹ کا ایوان بالا قوانین مرتب کرتے ہوئے اس کا حل پیش کرتا ہے جبکہ ملک کے سالانہ بجٹ کی تیاری اور ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے بھی پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے اساتذہ، سکالرز اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔