مین بازار میں ایک ہی رات کے دوران چور 6 دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں کی نقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:14

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) مین بازار میں ایک ہی رات کے دوران چور چھ دکانوں کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے کی نقدی اور سامان لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے حسب ضابطہ تفتیش شروع کر دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود مین بازار میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو نامعلوم چور مدینہ مارکیٹ میں رضوان کراکری سٹور کے تالے کاٹ کر 10 ہزار روپے کی نقدی، شان گارمنٹس سے 6 ہزار روپے، شہباز کلاتھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے، کوچی مارکیٹ میں فرحان موبائل سے 80 ہزار روپے جبکہ علی سائونڈ اور ایک دیگر شاپ کے تالے کاٹ کر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ تھانہ سٹی پولیس نے حسب ضابطہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

قبل ازیں بھی تھانہ سٹی کی حدود سرکلر روڈ غربی سے نامعلوم چور تین موبائل شاپس کے کنڈے کاٹ کر لاکھوں کا سامان اور نقدی لے اڑے تھے جبکہ محلہ بابو دربند اڈہ سے ڈکیتی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی نامعلوم ڈکیت لوٹ کر فرار ہو گئے تھے لیکن حیران کن طور پر کسی بھی واردات میں ملوث کوئی بھی ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا اور نہ ہی کسی مقدمہ میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :