2005ء کے زلزلہ میں مسمار ہونے والی گورنمنٹ پرائمری سکول تلہٹ کی عمارت تاحال تعمیر نہیں ہو سکی

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:14

2005ء کے زلزلہ میں مسمار ہونے والی گورنمنٹ پرائمری سکول تلہٹ کی عمارت ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ملک میں آنے والے 2005ء کے تباہ کن زلزلہ میں مسمار ہونے والی گورنمنٹ پرائمری سکول تلہٹ کی عمارت تاحال تعمیر نہیں ہو سکی ہے۔ زیر تعلیم طلباء ایک کے بعد دوسرے مقامی شخص کے گھر منتقل ہوئے مگر گھر کی مخدوش حالت کے سبب کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ یونین کونسل بیرن گلی کی ویلج کونسل اندر سیری کے گاؤں تلہٹ کا پرائمری سکول 12 برسوں کے دوران بھی تعمیر نہیں ہو سکا ہے۔

اس ویلج کونسل میں دو مزید پرائمری سکولوں کے طلباء بھی مقامی گھروں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ مقامی کونسلر تاج قریشی اور سماجی رہنما محمد صدیق قریشی کے مطابق تلہٹ پرائمری سکول 68 فیصد تعمیر ہو چکا ہے تاہم سکول کی عمارت پر چھت نہیں ڈالا جا سکا جبکہ اندر سیری پرائمری سکول کا محض 10 فیصد کام ہوا ہے اور اکھڑیلہ سکول کا 50 فیصد کام تاحال مکمل ہو سکا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں کے مطابق تلہٹ سکول کے 44 طلباء و طالبات سکول عمارت نہ ہونے کے باعث ایک مقامی شخص کے گھر تعلیم حاصل کر ر ہے تھے جو مالک مکان نے ضرورت پڑنے پر خالی کروایا تو ایک دوسرے شخص نے اپنا مکان اس مقصد کیلئے بلامعاوضہ فراہم کر دیا مگر اب وہ مکان اپنی خراب حالت کے پیش نظر کسی بھی وقت گر سکتاہے اور بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

بارش اور دھوپ میں سکول کے طلباء کو چھٹی کروا دی جاتی ہے۔ ان رہنمائوں کے مطابق اندر سیری اور اوکھڑیلہ میں بھی طلباء و طالبات مقامی گھروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جہاں اہل خانہ کی مرضی اور مزاج کا بھی انہیں سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار اور منتخب قیادت کی چشم پوشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تینوں سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر جلد از جلد ممکن بنائی جائے تاکہ طلباء اپنے سکولوں کے اندر تعلیم حاصل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :