دوآبہ سول ہسپتال عوام کیلئے صوبائی حکومت کاتحفہ ہے،اکبرایوب

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:05

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب کی سربراہی میں پشاور میں دوآبہ سول ہسپتال پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلے میںایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد آصف ،اسسٹنٹ کمشنر دوآبہ ،ایکیسن کنسٹرکشنزا وردیگر متعلقہ افسران سمیت علاقہ کے مشران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے وزیر اعلیٰ کے مشیر اکبر ایوب کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ دوآبہ کے سول ہسپتال کا تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے اور مذکورہ ہسپتال کو محکمہ صحت کے حوالے کردیا گیا ہے۔اجلاس میں اکبر ایوب نے علاقے کے مشران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 77ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا یہ ہسپتال علاقے کے عوام کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے تحفہ ہے اور اس میں بہترین علاج فراہم کرنے کے لئے اعلیٰ ڈاکٹرز کو تعینات کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پہلے لوگ پرائیوٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کے لئے جاتے تھے اور وہاں پر لاکھوں روپے خرچ کرتے تھے تاہم اب وہ ہماری مثبت اصلاحات کے نتیجے میں سرکاری ہسپتالوں میں بہتر علاج حاصل کرنے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں جہاں پر ان کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔