ڈینگی لاروا کی نگرانی کے لیے سنجیدگی اورخلوص نیت سے کام کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:10

لیہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر واجد علی شا ہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی لاروا کی نگرانی کے لیے سنجیدگی اورخلوص نیت سے کام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروے کی تلاش کے لیے تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے کر سروئے کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر تحریر ی اور تصویر ی شواہد کے ساتھ ریکارڈ مرتب کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے ۔

انہوں نے یہ ہدایات کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ ،اسسٹنٹ کمشنر عابد کلیار ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن اعجازاحمد قیصرانی ،ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات ،ڈی ڈی تعلیم توکل حسین ،اے ڈی ایل جی کلیم یوسف ودیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ درجہ حرارت ڈینگی لاروے کی افزائش کے لیے انتہائی موذوں ہے لہذا ڈینگی لاروے کی نگرانی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اس سلسلہ میں سستی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹائر شاپس ،گوداموں ،کباڑخانوں،قبرستانو ں ،نرسریوں اورپانی کے جوہڑوں کا ہنگامی بنیادوں پر معائنہ کیا جائے اور ایسے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جو انسداد ڈینگی کے اصولوں پر عمل نہیں کررہے انہوں نے مزید کہا کاوہ ڈینگی کے خاتمہ کے لیے اس کے لاروئے کو تلف کرنا اور ایسی جگہوں کو ختم کرنا جہاں اس کی افزائش ممکن ہونہایت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں عوامی شعور و آگہی کے لیے سیمینار کا اہتمام کیا جائے اور پمفلٹ تقسیم کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ سکول سطح پر زیروپیریڈ سٹارٹ کیے جائیں تاکہ طلبہ کومکمل آگہی فراہم کی جاسکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ ہیلتھ کی 117ٹیمیں ڈینگی لاروے کی نگرانی اور عوام میں آگہی کے لیے کام کررہی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیاکہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے اب تک 4ہزار سے زائد معائنہ جات مکمل کیے گئے ہیں جبکہ انسداد ڈینگی اصولوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر 89کباڑخانوں،گوداموں اور نرسری مالکان کو نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ فشریز کی جانب سے کروڑ ،لیہ ،کوٹ سلطان میںپانی کے جوہڑوں کا معائنہ کیا گیا ہے جبکہ محکمہ کے پاس ڈینگی لارواکھانے والی مچھلی کی 15000 پونگ دستیاب ہیں۔اجلاس میں ملٹی میڈیا کے ذریعے سی ای او صحت ،ڈی او ماحولیات نے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :