کوئٹہ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا ڈگری کالجوں میں کسی منصوبہ بندی اور لوازمات کے بغیر بی ایس کلاسوں کے آغاز پر اظہار تشویش

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلعی بیان میں صوبے کے ڈگری کالجوں میں کسی منصوبہ بندی اور لوازمات کے بغیر بی ایس کلاسوں کے آغاز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے اقدامات کو تعلیم کی بہتری کی بجائے سازش کے تحت تعلیمی زوال کی منصوبہ بندی قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ تعلیم کے ترقی کے دعویداروں نے اس شعبے میں بھی تعصب اور تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کے ڈگری کالجوں میں بی ایس کی کلاسیں اس طریقے سے شروع کی ہیں کہ کالجوں میں بی ایس کے اساتذہ موجود نہیں۔

کلاس روم کم او ردیگر لوازمات فراہم نہیں کی گئی ہے۔مگر کالج انتظامیہ کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ ہر صورت میں بی ایس کلاسیں شروع کرکے عوام کو تاثر دیا جائے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم،تعلیم کی ترقی کیلئے کردارادا کر رہاہے۔

(جاری ہے)

جعلی اور بوگس طریقے سے شروع کی جانے والی کلاسوں میں اس وقت ایم ایس سی پاس طلباء کی خدمات لے کر طلباء کو پڑھا یا جارہاہے جو محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت کیلئے شرم کا مقام ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت میں شامل جماعتیں تعلیم کو تجارت اور کاروبار کے طرز پر چلانے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کرکے صوبے کے طلباء پر تجربات کر رہے ہیں۔اس طرح کے اقدامات کی وجہ سے صوبہ پہلے ہی تعلیمی معیار کے لحاظ سے انتہائی پسماندگی کا شکار ہیں جبکہ صوبے کے عوام،تعلیم ماہرین،طلباء اور مختلف باشعور حلقے سمجھتے ہیں کہ انکے بچوں اور صوبے کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے صوبے کے ساتھ کسی طرح مخلص نہیں یہی وجہ ہے کہ تمام تر تجربات کیلئے صوبے کے معصوم طالبعلموں کا انتخاب کیا جاتاہے۔

بیان میں کہا گیا کہ محکمہ تعلیم ہوش کے ناخون لیں اور تعلیمی اداروں بالخصوص ڈگری کالجز میں بی ایس کے طلباء کیلئے مطلوب تمام لوازمات مہیا کرنے،اضافی کلاسوں کی تعمیر اور اساتذہ کی تقرری کرنے کے بعد باقاعدہ طورپر بی ایس شروع کریں تاکہ ہر طرح سے طلباء بی ایس کی افادیت سے فیض یاب ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :