کوئٹہ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا پولیس وین پر خودکش حملے کی شدید مذمت

شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروںکے لواحقین سے اظہار تعزیت

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں سریاب روڈ پر پولیس وین پو خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے نتیجے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد و فوری شفایابی کی دعا کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں دہشت گردی کی نئی لہر سے واضح ہورہاہے کہ دہشت گرد نہ صرف منظم ہیں بلکہ انکے پاس قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت ہر طبقے و مقام پر حملہ کرنے اور بھاری نقصان پہنچانے کی صلاحیت موجود ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر جس طرح سبزی فروشوں، پولیس اہلکاروں اور عام راہگیر شہریوں پر تواتر کے ساتھ حملے ہوتے رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتاہے کہ دہشت گرد عناصر عام شہریوں کو خوف و دہشت کی فضاء میں مبتلا کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں کی صورت میں عوام کے محافظوں کی حوصلہ اور مورال ختم کرنا چاہتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تواتر کے ساتھ رونما ہونیوالے واقعات کے باوجودوزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کی طرف سے ان واقعات کو اہمیت نہ دینا اور صوبے میں قیام امن کیلئے کردارادا کرنے سے گریز کی وجوہات سے عوام اور صوبے کی سیاسی جماعتیں صوبائی حکومت کی کارکردگی سے قطعی طورپر مطمئن نہیں۔کوئٹہ شہر کے شہری اس وقت شدید قسم کے عدم تحفظ سے دوچار ہیں ۔ضروری ہے کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے اپنی کارکردگی کے ذریعے شہریوں کی بے چینی ختم کرکے انہیں احساس تحفظ دلائیں۔

متعلقہ عنوان :