آل پاکستان 36 ویں دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس کل سے چناب نگر میں شروع ہوگی

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:01

چنیوٹ ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) آل پاکستان 36 ویں دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس چناب نگر کل 19اکتوبر سے مرکز ختم نبوت مسلم کالونی میں نہایت ہی تزک و احتشام سے منعقد ہو رہی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں کارکنان ختم نبوت درود شریف کا ورد کرتے ہوئے پنڈال پہنچ چکے ہیں۔ کانفرنس کے داخلی راستوں کو خوش آمدید کے دیدہ زیب بینروں سے مزین کیا جا چکا ہے۔

کانفرنس کے جمیع امور اور جملہ انتظامی معاملات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ ختم نبوت کے رضا کاروں نے پنڈال کے چاروں اطراف میں سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔ شرکائے کانفرنس کے لئے وسیع و عریض پنڈال، فری ڈسپنسری، پارکنگ، فوڈ اینڈ واٹر سپلائی جیسے بیسیوں شعبوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

شرکاء کو واک تھرو گیٹس سے گزار کر جامہ تلاشی کے بعد پنڈال جانے کی اجازت ہو گی۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنمائوں مولانا عزیز الرحمٰن جالندھری، مولانا اللہ وسایا اور کانفرنس کے منتظم اعلیٰ مولانا غلام مصطفی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کانفرنس سے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن، پیر ذوالفقار احمد نقشبندی، پیر خواجہ معین الدین کوریجہ سمیت ملک بھر کی ممتاز مذہبی و روحانی شخصیات کا ایمان پرور خطاب ہوگا۔

متعلقہ عنوان :