پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ناجائز منافع خوروں کو 16لاکھ 75ہزارروپے کے جرمانے کر دیئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:01

فیصل آباد ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پرضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کھانے پینے کی اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے والے ناجائز منافع خوروں کو 16لاکھ 75ہزارروپے کے جرمانے کئے جبکہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر18دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھجوادیاگیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمدشاہدنے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر کی مارکیٹوں،بازاروں میں پھلوں وسبزیوں،کریانہ کی اشیاء کی قیمتوں کو چیک کرنے کے لئے مجموعی طور پر 1529ریڈز کئے اورمقررہ سے زائد قیمتیں وصول کرنے کی پاداش میں دکانداروں کو موقع پر ہی بھاری جرمانوں کے علاوہ گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کو چیک کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں اور کسی کو من مانی قیمت وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔