ڈپٹی کمشنر کی نہری پانی کی چوری کے واقعات کی سختی سے روکنے کی ہدایت

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:01

فیصل آباد ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ضلع میں نہری پانی کی چوری کے واقعات کی سختی سے روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورمتعلقہ محکموں کو حکم دیا ہے کہ نہری نظام کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریںاور ایسی وارداتوں میں ملوث عناصر کو قانون کے شکنجے میں لائیں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر میرمحمدنوازبھروانہ،ایکسئین انہار معین الدین،ایس ڈی او انہار جنید اکبراور دیگر افسران کے علاوہ چک نمبر277ر ب اور 278ر ب کے کاشتکاروں کے نمائندے اوروائس چیئرمین ضلع کونسل رانا ذوالفقاربھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے چک 277اور278کے کاشتکاروں کی نہری پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سربراہی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ وہ محکمہ انہار کے متعلقہ افسران اورکاشتکاروں کے نمائندوں کے ہمراہ موقع کاوزٹ کرکے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی چوری کرنے والے عناصر سے سخت طریقے سے نمٹا جائے اوراس فعل میں ملوث عناصر کیخلاف مقدمات کے اندراج کے ساتھ انہیں جیل بھجوائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبوداور ترقی کے لئے جامع اقدامات کررہی ہے لہذاانہیں مقامی سطح پر پانی کی عدم فراہمی سمیت دیگر درپیش مسائل کاازالہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کاشتکاروںکو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔اس ضمن میں متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اس موقع پر کاشتکاروں نے بھرپور تعاون پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا اور بعض موہگوں کی مرمت کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :