کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کومستقبل کے تقاضوں کے مطابق رکھا جائے، مومن آغا

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:01

فیصل آباد ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کے کیسز کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ٹریفک سمیت شہر کی تعمیروترقی کے آئندہ منصوبوں میں کوئی رکاوٹ آڑے نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی،میونسپل آفیسر پلاننگ طارق عزیز،میونسپل آفیسر میونسپل کارپوریشنل زبیر نت،ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈویژنل کمشنر نے سکول،پٹرول پمپس اورایل پی جی فلنگ اسٹیشن کی تعمیر کی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ طے شدہ قواعدوضوابط کو مدنظر رکھاجائے اور ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔اجلاس کے دوران جھنگ روڈ پر سکول کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ مختلف شاہرات پر9پٹرول پمپس کے قیام کی اوگرا کے قواعد وضوابط اورپالیسی کے مطابق مشروط منظوری اور ڈجکوٹ روڈ پر ایل پی جی فلنگ پلانٹ کے قیام کی درخواست کا دوبارہ جائزہ لینے کے لئے موخر دیا گیا۔