پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی بڑھانے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے،ڈی پی اوکوہاٹ

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:59

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مقدمات کی تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرکے مجرمانہ سرگرمیوں پر مئوثر کنٹرول حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مجرمان کو عدالتوں سے سزائیں دلانے کی خاطرقانونی پیچیدگیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی بڑھانے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔

بد عنوانی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔قانون کی بالا دستی کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا اورپولیس فورس میں رائج جزاء اور سزا کے نظام پر اسکے اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بناکر کالی بھیڑوں کو محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پولیس حکام کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈیشنل ایس پی آپریشنز جمیل اختر،ایس پی انوسٹی گیشن جہانزیب خان،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید،ڈی ایس پی سٹی رضا محمد،ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ اور ڈی ایس پی لاچی روخان ذیب کے علاوہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ،تھانوں میں درج سنگین مقدمات کی تفتیشی اموراور جرائم کی شرح کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مجرمانہ سرگرمیوں کے انسداد کی خاطر اٹھائے گئے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

ڈی پی او جاوید اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ مقدمات کی تفتیش کے دوران قانونی پیچیدگیوں کا خیال رکھتے ہوئے جامع اور نقائص سے پاک چالان مکمل بروقت عدالتوں میں پیش کرلیا کریں تاکہ مقدمات میں ملوث اصل مجرمان کی سزائوں کے عمل میں کوئی رکاوٹ حائل نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ جرم سرزد ہونے کی صورت میں ایف آئی آر کے فوری اندراج اور فارنزک شواہد کو کسی تاخیر کے بغیرقبضے میں لینے کے اقدامات یقینی بنائے جائیںتاکہ مقدمے کی تفتیش پر اثر انداز ہونے والے تمام وجوہات کا کوئی عنصر باقی نہ رہے۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ قانون کی بالادستی کو مقدم رکھتے ہوئے جرائم پیشہ افراد خصوصاً حکومتی رٹ چیلنج کرنیوالے اشتہاری مجرموں ،منشیات فروشوں ،سود خوروں اور دیگر معاشرتی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کسی رعایت کے بغیر سخت کاروائی عمل میں لائیں اور سنگین مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد کو بھر پور قوت کیساتھ کچلنے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔

ڈی پی اونے واضح کردیا کہ بدعنوانی اور پیشہ ورانہ فرائض منصبی میں غفلت و کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس فورس میں رائج جزاء اور سزا کے نظام پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے محکمے کیلئے بدنامی کا سبب بننے والے کالی بھیڑوں کو نکال باہر کیا جائے گا۔اجلاس میںتمام تھانوں کے ایس ایچ او ز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور جرائم کے خلاف احسن کارکردگی کی بناء پر ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان،ایس ایچ او تھانہ چھائونی محمد علی،ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان اور ایس ایچ او تھانہ محمدریاض شہید اسلام الدین کو نقد انعامات اور تعریفی اسناددینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :