کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کیماڑی میں جاری فخرے کراچی آصف خان امن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کے فیصلے ہوگئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:57

کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کیماڑی میں جاری فخرے کراچی آصف خان امن کپ فٹبال ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) سوسائٹی برادرز فٹبال کلب کیماڑی کے زیراہتمام کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کیماڑی میں جاری فخرے کراچی آصف خان امن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ان میچوں میں کورنگی بلوچ، جلال مراداور خیبر مسلم نے فتوحات سمیٹ لی۔ اصلاح بلوچ، میٹروویل اسٹار اور مسلم برادرز کی ٹیموں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلے میچ میں کورنگی بلوچ نے اصلاح بلوچ کو دلچسپ مقابلے کے بعد2-0 سے قابو کرلیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموںنے گول کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پر حملے جاری رکھے لیکن فاروڈز کی جلدی بازی نے گول کے مواقع گنوادیئے۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے شروع میں کورنگی بلوچ کی جانب سی39 ویں منٹ میں شبیر نے گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلوادی۔

(جاری ہے)

ایک گول کے خسارے کے بعد اصلاح بلوچ نے جوابی حملے کئے لیکن ان کو گول میں کامیابی نہیں مل سکی۔ کورنگی بلوچ کی جانب سے دوسرا گول58 ویں منٹ میں منان نے بناکر اپنی ٹیم کو 2-0سے سرخرو کردیا۔ دوسرے میچ میں جلال مراد نے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میٹروویل اسٹار کی ٹیم کو2-1 سے قابو کرلیا۔پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میںکامیاب نہیں ہوسکی اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں زبیر نی38 ویں منٹ میں پہلا گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی سبقت دلوادی۔ جس کو 50ویں منٹ میں سعید نے گول اسکور کرکے جلال مراد کو میچ میں2-0 کی فیصلہ کن برتری دلوادی اس کے بعد میٹروویل اسٹار کے کھلاڑیوں نے جوابی حملے میں کھیل کی59 ویں منٹ میں اسد کے گول کی بدولت ٹیم کے خسارے کو2-1کردیا۔ اسکے بعد میچ میں مزید تیزی آگئی لیکن جلال مراد کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کے عمدہ کھیل نے اپنی ٹیم کو میچ میں2-1 سے کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تیسرے میچ میں خیبر مسلم کی ٹیم مسلم برادرز کو پنالٹی ککس پر شکست دینے میں کامیاب رہی۔ مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پنالٹی ککس پر فیصلہ 11-10سے خیبرمسلم کے حق میں ہوا۔ اس میچ میں خیبر مسلم ایف سی کے سرپرست اعلی اظہر بھائی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ ان کے ساتھ رضا خان، شیر علی، اسرار خان، عبید اللہ، رحیم، ابرار اسٹیل، دل مراد، عنصر استاد، سلطان روم بھی موجود تھے۔ریفری واسع، صادق شاہ، دل مراد، اسٹنٹ ریفریز غلام علی، آصف شیخ، نور محمد نورا، میچ کمشنر ادریس اور میڈیا کوارڈنیٹر محمد سلیم سماء تھے۔

متعلقہ عنوان :