انسانی اور آبی حیات کے تحفظ کے لئے سمندر کو آلودگی سے بچایا جائے ،چیف سیکریٹری سندھ

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے ایس تھری پروجیکٹ کی جلد ز جلد پایہ تکمیل کی ضرورت پر زرودیا ہے اور تین روز کے اندر تمام متعلقہ افراد سے رپورٹ طلب کرلی ہے اس سلسلے میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان کو ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ مشترکہ رپورٹ پیش کریں اس سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدرات کے دوران چیف سیکریٹری نے پروجیکٹ کی تفصیلات معلوم کیں اور واضح کیا کہ پروجیکٹ میں تاخیر کسی طور قابل قبول نہیں ،موثر منصوبہ بندی ،بروقت عمل درآمد اور روابط کے فروغ کے تحت وقت ضائع کئے بغیر پروجیکٹ کی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔

چیف سیکریٹری نے ٹی پی ون اور ٹی پی تھری کی کیفیت کا جائزہ لیا اور کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ترجیحات میں ایس تھری پروجیکٹ اور کمبائنڈ ایفی لینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت سندھ کے متعدد منصوبے شامل ہیں انہوں نے زور دے کر کہا کہ سمندر کو غلاظت سے بچانا بہت ضروری ہے تاکہ بنی نوع انسان اور آبی حیات کو ماحولیاتی آلودگی سے تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

رضوان میمن نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر اور کے ڈبلیو اینڈ ایس بی کی ذمہ داری ہے کہ وہ متعلقہ منصوبوں کی تکمیل میں قرار واقعی دلچسپی لیں اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کے ڈبلیو اینڈ ایس بی اسد اللہ خان ،پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس تھری امتیاز مگسی اور متعلقہ انجینئرز کو 23اکتوبر 2017سے پہلے مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی گئی سیکریٹری بلدیات سندھ رمضان اعوان اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :