نیب کی جانب سے موصول ہونیوالے نوٹس کا جواب میرے وکلاء جمع کرا چکے ،اب خط کے جواب کے منتظر ہیں، سابق وزیر داخلہ رئوف صدیقی

جب بھی نیب طلب کریگی حاضر ہو جائوں گا، اپنے دور میں کوئی ایک بھی غیر قانونی بھرتی نہیں کی ہے، میڈیا پر چلنے والی خبر کی پُرزور تردید

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) سابق صوبائی وزیرِ داخلہ و صنعت و تجارت رئوف صدیقی نے میڈیا پر چلنے والی خبر کی پُرزور تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ-"First they will kill Your Name, then they will kill You" ، اس محاورے پر عمل کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گیا تھا، اس دوران میرے گھر کے پتے پر نیب کی جانب سے ایک خط آیا ۔

نیب کی جانب سے موصول ہونے والے نوٹس کا جواب میرے وکلاء جمع کرا چکے ہیںاور خط کے جواب کے منتظر ہیں، جب بھی نیب طلب کرے گی میں حاضر ہو جائوںگا۔ میں نے اپنے دور میں کوئی ایک بھی غیر قانونی بھرتی نہیں کی ہے۔جو اپائنٹمنٹ ہوئے ہیں وہ سو فیصد قانونی اور سندھ اسمال انڈسٹریز کے بورڈ کے چارٹر کے عین مطابق کئے گئے۔

(جاری ہے)

وزارتِ صنعت و تجارت کے دور میں ہم کئی دفعہ کئی کئی ماہ کیلئے حکومت سے علیحدہ ہوئے ، اگر اس دوران کوئی بھرتیاں ہوئی ہیں تو اس کی تحقیقات کرنی ہے تو ضرور کریں۔

جہاں تک مجھے یاد ہے کہ تیس پینتیس نوکریاں دی گئیں اوریہ اپائنٹمنٹ چارٹر کے مطابق تمام قانونی اورکاغذی کارروائی کے بعد ہوئے۔رئوف صدیقی نے کہا کہ اس سے قبل بے ہنگم، جھوٹے اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر 26 مقدمات بنائے گئے ہیں جن کا نہ کوئی سر ہے نہ پیر۔راہ چلتے ملزموں سے ایک ایک جملہ ڈلوا کر مقدمات بنوائے گئے ہیں۔ ان ملزمان نے عدلیہ اورمیڈیا کے سامنے میں اپنے اس بیان کی تردید بھی کر ہے جسے ساری دنیا نے سُنا بھی اوردیکھابھی۔

میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے نہ صرف یہ مقدمات بنائے جا رہے ہیں بلکہ میڈیا پر اس کی باقاعدہ خبر چلائی جا رہی ہے۔میری شہرت کو خراب کرنے کیلئے یہ باقاعدہ مہم ہے لیکن عزت تو ساری کی ساری اللہ کی ہے، وہ جسے چاہے عزت دیتا ہے، جسے چاہتا ہے ذلت دیتا ہے۔میں اللہ تعالی سے ہمیشہ عزت کا طلبگار رہا ہوں، وہ ہی میری حفاظت فرمائے گا۔۔۔انشاء اللہ۔میری تمام وزارتوں کے دوران جب جب بھرتیاں ہوئی وہ قانون کے عین مطابق ہوئیں۔میرے دور میں کسی کی بھی ہمت نہیں تھی کہ وہ ایک نوکری بھی بیچ سکے۔نہ اُلٹے پُلٹے کام میں کرتا ہوں اور نہ کبھی ایسا کرنے والوںکی حوصلہ افزائی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :