Live Updates

سہون کے مقامی سٹیڈیم میں تحریک انصاف کو 22اکتوبر کوجلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی مذمت کرتے ہیں ،عارف علوی

اگر جلسے کے دوران کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ یا کو ئی بد نظمی ہوئی تو ذمہ داری پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ہوگی، رکن قومی اسمبلی

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:55

سہون کے مقامی سٹیڈیم میں تحریک انصاف کو 22اکتوبر کوجلسہ کرنے کی اجازت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سہون کے مقامی اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کو 22اکتوبر کوجلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ جمہوریت کا راگ لاپنے والے اور خود کو جمہوری پارٹی کہنے والے خود ڈکٹیٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کی بوکھلاہٹ کی وجہ سندھ میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ میں پاکستان تحریک انصاف کی سند ھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مقامی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دینے کے بجائے ایک کھلے گرائونڈ میں جلسہ کرنے کا کہا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر جلسے کے دوران کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ یا کو ئی بد نظمی ہوئی تو اسکی پوری ذمہ داری پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ہوگی۔ پیپلز پارٹی اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے سندھ کی عوام کے دلوں سے تحریک انصاف اور قائد عمران خان کی محبت کو نہیں نکال سکتی ۔ پاکستان تحریک انصاف کو جلسے سے روکنے کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت تمام صوبائی وزراء سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔

وزیر اعلیٰ ہائوس میںسہون کی با اثر شخصیات اور برادری کے سربراہان کو بلا کر دھمکایا جارہا ہے کہ وہ تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کریں یہ ہے پیپلز پارٹی کا جمہوری چہرہ۔ پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت اور انکے درباری وزراء چاہے جتنا زور لگا لیں سہون میں تحریک انصاف کامیاب جلسہ کر کے دکھائے گی ۔ کرپشن کے برانڈ آصف زرداری اور اسکے ٹولے سے سندھ کے عوام تنگ آچکے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کی قیادت کرپشن اور لوٹ مار میں اندھے ہوچکے ہیں ، انہیں عوام کے ووٹ کی کوئی قدر نہیں ۔ کچھ دن پہلے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ووٹ کی تذلیل کرنا ایک شرمناک عمل ہے۔ سندھ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے اور سندھ کے عوام کے ووٹوں کی تذلیل والے عام انتخابات میں کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات