گلگت بلتستان کے غریب عوام پر ٹیکس اے ڈی پی فروش اور مفاد پرست لوگوں کی وجہ سے لگا ہے، محمد تقی اخونزادہ

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:51

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکرٹری اطلاعات محمد تقی اخونزادہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غریب عوام پر ٹیکس اے ڈی پی فروش اور مفاد پرست لوگوں کی وجہ سے لگا ہے یہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی کے سوا کچھ نہیں تحریک انصاف اس ناانصافی پر عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹا سکتا ہے۔

وہ بروز منگل میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کونسل میں سارے مفاد پرست اور قومی مفاد کا سودا کرنے والوں کو چن چن کر بھیجا ہے اور قانون ساز اسمبلی میں بھی کسی حکومتی ارکان کو یہ غیرت نہیں کہ وہ اس ظالمانہ ٹیکس کے خلاف قرارد اد منظور کراوائیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ایک سکے کے دو رخ ہیں اور وہ مک مکا کی سیاست میں مصروف ہیں اور باری باری گلگت بلتستان کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے تاہم تحریک انصاف ان دو پارٹیوں کی چنگل سے گلگت بلتستان کو آزاد کرائیں گے انہوںنے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کی قائمہ کمیٹی منرل پالیسی کو مسترد کرسکتی تو گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی اس ظالمانہ ٹیکس کو کیوں مسترد نہیں کرسکتی تقی اخونزادہ نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے غریب عوام پر کس منہ ٹیکس لاگو کیا جارہا ہے اگر ٹیکس لاگو کرنا ہے تو پہلے گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنادیں اس کے بعد ہم خود ٹیکس دیں گے انہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد کی ٹیکس کے حوالے سے کی جانے والی اظاہر بے بسی سے اندازہ ہوتا ہے کہ مسلم لیگ خود اس ظالمانہ ٹیکس کے حق میں ہیں اور عوام کو بیوقوف بنانے کے لئے بیانات دے رہے ہیں اگر ناشاد کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے تو انہیں اس منصب پر بیٹھنے کا حق ہی نہیں حاجی فدا ناشاد کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ حکومتی اراکین صرف تنخواہ وصول کرنے کے لئے اسمبلی جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس ظالمانہ ٹیکس کے خلاف انجمن تاجران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی صور ت یہ ٹیکس لاگو ہونے نہیں دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :