سید علی گیلانی کی پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد

اب پاکستان کی ذمہ داری ہے دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہوں، اس پر دنیا کی توجہ نہ صرف مبذول کرائے بلکہ انسانی قدروں کو بحال کرانے کیلئے بھی اپنا موثر کردار ادا کرے، بیان

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان کو’’اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل‘‘ کادو تہائی اکثریت رُکن منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور بھارت کی مخالفت کے باوجود 151ممالک کا پاکستان پر انسانی حقوق کے حوالے سے نمائندگی کرنے پر اعتماد کا اظہار جہاں قابل مسرت ہے، وہیں اب یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہوں، اس پر دنیا کی توجہ نہ صرف مبذول کرائے بلکہ انسانی قدروں کو بحال کرانے کیلئے بھی اپنا موثر کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس دین سے تعلق رکھتے ہیں، جس کی یہ تعلیم ہے جس نے کسی ایک انسان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ اسی جذبہ کے تحت پاکستان اور دیگر انسانی حقوق کے علمبرداروں کو دنیا کے تمام مظلوموں کو بچانے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہیے۔ دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانوں پر ظلم ہورہا ہو، ہمیں رنگ، نسل، ذات پات اور قوم ووطن کے امتیاز کے بجائے انسان کو صرف انسان کی نظر سے دیکھ کر مظلوم کی حمایت کرنی چاہیے اور ظالم کتنا بھی جابر کیوں نہ ہو اس کے سامنے حق گوئی سے ہمیں آنکھیں نہیں چرانی چاہئیں، چاہے اس کی طرف سے ہمیں دنیاوی مفادات ومراعات مل رہے ہوں یا عذاب وعتاب، چاہے کوئی راضی رہے یا ناراض ہو۔

حریت چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ اب جہاں دنیا کے تمام مظلوموں کے انسانی حقوق کے لیے پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا وہیں سرزمین جموںو کشمیر پر جاری بھارتی ظلم وبربریت کے نتیجے میں کشمیر کے چپہ چپہ پر ہورہی انسانی حقوق کی بے شمار پامالیوں کو اُجاگر کرنے میں پاکستان اپنا مؤثر کردار ادا کرکے مظلوم کشمیریوں کے لیے محسن کاکردار جاری رکھے گا۔ ادھر حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے 21 اکتوبر بروز ہفتہ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس حیدر پورہ سرینگر میںطلب کیا ہے۔ اجلاس میں جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غوروخوض کیا جائیگا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔