وقار یونس کا ریکارڈ پاش پاش، حسن علی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے والے پاکستانی بائولر بن گئے

رواں برس زیادہ وکٹوں کی فہرست میں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:46

وقار یونس کا ریکارڈ پاش پاش، حسن علی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین ..
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حسن علی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کر لی، وہ تیز ترین 50 وکٹیں لینے والے پاکستانی بائولر بن گئے جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر مشترکہ طور پر دنیا کے چوتھے تیز ترین بائولر ہونے کا اعزاز بھی پا لیا ہے، حسن علی نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں انتہائی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنا کر سابق ہم وطن بائولر وقار یونس کا پاکستان کی طرف سے تیز ترین پچاس وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا، حسن علی نے 24ویں میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ وقار یونس نے 27 میچز میں یہ اعزاز پایا تھا، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین پچاس وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سری لنکن بائولر اجنتھا مینڈس کو حاصل ہے جنہوں نے 19 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، بھارت کے آگارکر اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلینا گہن نے 23، 23 جبکہ آسٹریلیا کے ڈینس للی اور پاکستان کے حسن علی نے 24، 24 میچز کھیل کر یہ اعزاز پایا، حسن علی اس کے علاوہ رواں سال زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر بھی بن گئے، انہوں نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

حسن علی نے آئی لینڈرز کے خلاف کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، اس سے قبل 38 رنز کے عوض پانچ وکٹیں ان کی بہترین بائولنگ تھی۔

متعلقہ عنوان :