پشاور،کوہاٹ پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔لاکھوں مالیت کی چرس قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ لائی جارہی تھی ۔کاروائی میں منشیات سمگلر کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹر گل جنان کو اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی کے موضع سپاہ سے منشیات کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔

اس اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے پولیس نفری کے ہمراہ سپاہ جانے والی رابطہ سڑک پر تالاب موڑ کے قریب ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس اثناء میں قبائلی علاقے سے کوہاٹ شہر میں داخل ہونیوالے پلاسٹک کی بوری اٹھائے ایک مشکوک شخص کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے پلاسٹک بوری میں بند مجموعی طور پر دس کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے منشیات کے سمگلر عقیق علی ولد اکبر علی ساکن سپاہ اورکزئی ایجنسی کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے چرس کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار سمگلر کو تھانہ استرزئی منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران پکڑی گئی چرس قبائلی علاقہ سے بندوبستی علاقوں کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جبکہ بعد ازاں ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرتے ہوئے مزید تحقیقات کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :