پراسٹیٹ غدود کے جدید طریقہ علاج کا آغاز،جنرل ہسپتال میں4مریض مستفید ہو گئے

اس طریقہ علاج سے دل کے مریضوں کو خصوصی فائدہ ،مریض کا کم سے کم خون ضائع ہو گا نوجوان ڈاکٹرز جدیدطریقہ علاج کیلئے طبی آلات کے استعمال اور تربیت کو اپنائیں : پروفیسر غیاث النبی طیب ایل جی ایچ اس طریقہ علاج کا بانی ہسپتال بن گیا ، مریض 24گھنٹے میں صحتیاب ہو کر گھر چلا جاتا ہی:پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر کی بریفنگ

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) پراسٹیٹ غدود کے جدید طریقہ علاج "بپالر ٹرپ(Bipalar Turp)" کا جنرل ہسپتال میں آغاز ہو گیاجس میں4مریضوں کو اس طریقہ علاج سے اب تک مستفید کیا گیا ہے۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقہ علاج دل کے مریضوں کے لئے خصوصی طور پر فائدہ مند ہو گا اور وہ مریض جن کو سٹنٹ پڑے ہوں یا بائی پاس ہو چکا ہے پراسٹیٹ کے آپریشن میں اس طریقہ علاج کو اپنا سکتے ہیں ،پروفیسر غیاث النبی طیب نے پروفیسر آف یورولوجی ڈاکٹر محمد نذیر کو اس طریقہ علاج کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے مزید کامیابیوں کیلئے دعا کی ۔

جنرل ہسپتال کے شعبہ یورالوجی میں پراسٹیٹ کے جدید طریقہ علاج "بپالر ٹرپ" (Bipalar Trup) کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر نے کہا کہ اس عمل میں مریض کا کم سے کم خون ضائع ہوتا ہے اور مریض 24گھنٹے میں ہسپتال سے صحت یاب ہو کر گھر چلا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ اس طریقہ علاج کا بانی ہسپتال بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں کی آپ گریڈیشن پر کام کیا جا رہا ہے ،انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ جدید طریقہ علاج کیلئے طبی آلات کے استعمال اور تربیت کو اپنائیں ،انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہترین طبی خدمت ہم سب کی اولین تر جیح ہونی چاہیے ،انہوں نے شعبہ یورالوجی کے ٹیم ورک کو سراہا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر کو شاندار کامیابی پر شاباش دی ۔

اس موقع پر فیکلٹی ممبران ،ایم ایس ڈاکٹر غلام صابر ، ڈاکٹر فواد نصراللہ ، ڈاکٹر شاہجہان ، ڈاکٹر کامران زیدی ، ڈاکٹر ذیشان وینس کے علاوہ نوجوان ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :