محکمہ پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا خدمت گار بنانا اور جرائم پیشہ افراد کی سر کوبی انکی اولین ترجیح ہے، سلطان اعظم تیموری

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تھانہ کلچر میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے،آر پی او گوجرانوالہ ریجن

بدھ 18 اکتوبر 2017 20:49

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ریجن سلطان اعظم تیموری نے کہاہے کہ محکمہ پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا خدمت گار بنانا اور جرائم پیشہ افراد کی سر کوبی انکی اولین ترجیح ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق تھانہ کلچر میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

محکمہ پولیس میں ہر شریف شہری کو عزت و احترام کا مقام دیا جائے گا جبکہ عوام کے جان و مال کے دشمن جرائم پیشہ افراد کسی بھی رعایت کی مستحق نہیں ان جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کر کے پُر امن اور محفوظ معاشرے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پولیس لائن حافظ آباد میںیاد گار شہداء ،نئے تعمیر ہونے والے ملازمین کے میس کے افتتاح اور خدمت سنٹر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد ڈاکٹر سردار غیاث گل ، شہداء کے اہل خانہ ،پولیس افسران ،ایس ایچ اوز ،سی پی ایل سی کے عہدید اروں رانا خالد محمود ،شیخ محمد امجد،صدر بار محمدشعیب بھٹی سمیت معززین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔آر پی او سلطان اعظم تیموری کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس ملازمین پر محکمہ اور پوری قوم کو فخر ہے ۔

ہم ان شہداء پولیس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔محکمہ پولیس میں شہداء کے خاندانوں اور ملازمین کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے ۔انکا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری ،ان سے ریکوری اور بہتر محکمانہ کارکردگی کی بنیاد پر حافظ آباد پولیس کی پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ڈی پی او حافظ آباد اور انکی پوری ٹیم کو ہے ۔

محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنانے والے ملازمین کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ حافظ آباد پولیس کے تمام افسران اور ملازمین کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں خدمت سنٹر بنائے جا رہے ہیں۔ان خدمت سنٹرز پر عوام کی خدمت اور سہولت کے لیے 24گھنٹے ملازمین فرائض سر انجام دیں گے جس سے یقینا عوام کو ریلیف ملے گا اور محکمہ کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

میڈیا کے نمائیندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر پی او کا کہنا تھا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانا انکے لیے بڑا چیلنج ہے اور یہ اس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب معاشرے کے سرکردہ افراد پولیس دوستی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے محکمہ کے ساتھ تعاون کریں۔جرائم سے پاک پُر امن معاشرے کی تشکیل کے لیے پولیس کو عوامی تعاون درکار ہے اور انہیں امید ہے کہ عوام اس مقصد کے لیے پولیس سے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کا کہنا تھا کہ نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پوری قوم کو شہدائے پولیس پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے عوام کے مال و جان کی حفاظت اور محکمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ انکی خواہش ہے کہ وہ ان شہدائے پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر کے لئے بہتر اقدامات کریں ۔آر پی او جب پولیس لائن پہنچے تو ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے انکا استقبال کیا پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔آر پی او نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔آر پی او شہداء پولیس کے اہل خانہ سے بھی ملے اور انکے ساتھ کھانا بھی کھایا ۔

متعلقہ عنوان :