کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ موٹر سائیکل سوار2 افغان باشندے جاں بحق ،8مسافر زخمی ہوگئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو افغان باشندے جاں بحق جبکہ آٹھ مسافر زخمی ہوگئے۔حادثہ ڈسٹرکٹ جیل کے قریب فلائنگ کوچ اور موٹر سائیکل کے مابین اسوقت پیش آیاجب تیز رفتار فلائنگ کوچ پہیہ نکلنے کے باعث موٹر سائیکل پر چڑھ کر سڑک کے کنارے الٹ گیا۔تفصیلات کے مطابق بنوں سے کوہاٹ آنیوالا تیز رفتار فلائنگ کوچ نمبرK-4807کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ڈسٹرکٹ جیل کے قریب ٹائر نکلنے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنیوالے موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ دوڑا اور کلابازیاں کھاتے ہوئے سڑک کے کنارے الٹ گیا جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار چیچنہ کیمپ کے رہائشی دو افغان باشندے وزیر خان ولد نذیر خان اور بلبل خان ولداعظم خان گاڑی تلے کچل کر موقع پر جاںبحق ہوگئے جبکہ حادثے کے دوران فلائنگ کوچ میں سوار آٹھ مسافر زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق و زخمی ہونیوالے افراد کو فور طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر (کے ڈی اے )ہسپتال منتقل کردیا جبکہ حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں تحویل میں لیکر تھانہ جرما منتقل کردی گئی۔حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں بعد ازاں لواحقین کے حوالے کردی گئی جبکہ زخمیوں کو ہسپتال داخل کرادیا گیاہے ادھر حادثے کا مقدمہ تھانہ جرما میں درج کرتے ہوئے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔