میرانشاہ: سکیورٹی فورسز کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرا گئی ، 2اہلکار شہید

سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیشی کارروائی شروع کردی

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:27

میرانشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کھجوری چیک پوسٹ سے خوار چیک پوسٹ کی جانب جارہی تھی کہ دھماکے کا شکار ہوگئی۔سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیشی کارروائی شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کا واقعہ صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے کے بعد پیش آیا جہاں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ ہفتے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ایک اہلکار بھی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی جانب سے شروع کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب کے بعد ان علاقوں میں فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آپریشن کے ذریعے پاک فوج نے علاقے کو دہشت گردوں سے بڑی حد تک واگزار کرادیا ہے۔

پاک فوج کی نگرانی میں حال ہی میں برطانوی صحافیوں اور پاکستان الیون کے درمیان ایک کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا تھا جہاں غیرملکی شہریوں نے علاقے کو پرامن قرار دیا تھا جبکہ مقامی باشندوں کی ایک بڑی تعداد بھی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھی۔رواں سال پاک فوج نے آپریشن ردالفساد شروع کیا تھا جس کے تحت ان علاقوں میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کردیا گیا تھا جبکہ خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن خیبر فور شروع کیا گیا تھا جو کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ ۔

متعلقہ عنوان :