تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے پاکستان کو 209رنز کا ہدف دیدیا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 اکتوبر 2017 19:51

تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے پاکستان کو 209رنز کا ہدف دیدیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اکتوبر۔2017ء) تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 209رنز کا ہدف دےدیا ہے ۔ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 59 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا ،حسن علی نے ڈکویلا کی وکٹیں بکھیر کر اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

دنیش چندیمل نے اپل تھرنگا کےساتھ ملکر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ شاداب خان کی گیند پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آﺅٹ قرار پائے،لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شاداب نے ان فارم تھرنگا کو فخر کے ہاتھوں کیچ کرا کر ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

(جاری ہے)

کاپوگیدرا اور تھریمانے نے آہستہ آہستہ سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تھا کہ حسن علی نے کاپوگیدرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

سری لنکن ٹیم کو اگلے ہی اوور میں اس وقت پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب جنید خان نے ملندا سری وردن کی انگز کے آگے فل سٹاپ لگا دیا ، حسن علی نے اپنے اگلے اوور میں جیفری ویندرسے کی اننگز کے آگے فل سٹاپ لگا کر پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔حفیظ نے تھریمانے کو 28رنز پر پوویلین چلتا کیا جبکہ حسن علی نے دھننجیا کو اپنا چوتھا شکار بنایا ۔اپنے آخری اوور میں حسن علی نے چامیرا کو آﺅٹ کرکے ون ڈے کیریئر میں تیسری مرتبہ اننگز میں 5شکا ر کرنے کا کارنامہ سر انجام دیا ،تھیسارا پریرا 38رنز بنا کررن آﺅٹ ہوئے اور پوری لنکن ٹیم 208رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کے لیے حسن علی نے 5،شاداب خان نے 2اور جنید خان اور حفیظ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے احمد شہزاد کو باہر کرتے ہوئے امام الحق کو ڈیبیو کرایا جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے۔اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ون ڈے میچز میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :