مسلم لیگ (ق) بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنا اتحاد قائم رکھے گی،میر عبدالکریم

نوشیروانی مسلم لیگ (ق) جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں منظم ہے، رکن صوبائی اسمبلی

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنا اتحاد قائم و دائم رکھے گی اور یہ اتحاد آنے والے الیکشن میں بھی برقرار رہے گا۔ مسلم لیگ (ق) جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں فعال و منظم ہے اور ہم وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکی حکومت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ملکر ناکام بنادیں گے۔

یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے بغیر ترقی نہیں ہے لہٰذا تمام پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری کا ساتھ دیں اس وقت صوبے میں دہشت گردی کی جو لہر ہے وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری دہشت گردی کے خلاف تنہا جنگ نہیں لڑ سکتے جب تک کہ ان کی مخلوط حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں انکا بھرپور ساتھ نہ دیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا یہ ہم سب پر ذمہ داری بنتی ہے کہ صوبے میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری کے کندھے سے کندھا ملائیں اور انکا بھرپور ساتھ دیں ۔اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اختلافات اور غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں نواب ثناء الله زہری میرے قائد اور باس ہیں میرا نواب صاحب سے کوئی سیاسی تعلق نہیں بلکہ خونی رشتہ ہے خاران انکا اپنا حلقہ ہے اور انہوں نے ہمیشہ خاران کے مسائل کے حل کیلئے ہمارا بہت ساتھ بھی دیا ہے۔

معمولی مسئلے میں ہمارے بعض دُشمن فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے اگر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری کی کوئی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ میرے بڑے ہیں میں ان سے معذرت کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ اگر میرے متعلق ان کے دل میں کوئی بات ہے تو وہ درگزر کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) آئندہ الیکشن میں بلوچستان میں (ن) لیگ کو بھرپور کندھا دیں گے کیونکہ (ن) لیگ اور (ق) بلوچستان میں ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء الله زہری کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اور انشاء الله2018ء کے الیکشن کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) اور (ق) ملکر صوبے میں حکومت بنائیں گی اور ہمارے وزیراعلیٰ نواب ثناء الله زہری ہونگے۔