ساہیوال، امریکہ کو خوش کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال رحمت العالمین بلاک کا نام اے آر بلاک رکھ دیاگیا

علماء کرام ، سول سوسائٹی کا شدید رد عمل ، پیرا میڈیکل سٹاف نے بازئو ں پر سیاہ پٹیا ں باندھ کر احتجاج کیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 21:12

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) امریکہ کو خوش کرنے کے لیے حکومت نے مخصوص انداز میں مذہبی ناموںکی تبدیلی کی ایک مہم شروع کر رکھی ہے اور اسی مہم کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے رحمت العالمین بلاک کا نام تبدیل کرکے اے آر بلاک رکھ دیا گیا ہے جس پر علماء کرام اور سول سوسائٹی کے تنظیموں نے ہسپتال انتظامیہ کے رویے کے خلاف شدید رد رعمل کااظہار کیا ہے اورپاکستان پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن ڈی ایچ کیو ہسپتال نے احتجاج کی کال دے دی ہے اور بازئو ںپر سیاہ پٹیاں باندھ کر آج احتجاج کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے رحمت العالمین بلاک کا نام تبدیل کرکے اے آر بلاک رکھنے کا فیصلہ واپس لیاجائے اور بلاک کی تبدیلی کے لیے پہلے سے لگائے گئے سنگ بنیاد اور دوسری تختیوں کو توڑنے کا کام بندکیا جائے ورنہ علماء کرام ، سول سوسائٹی اور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن بھر پور تحریک چلائے گی ۔

(جاری ہے)

ایسو سی ایشن کے صدر رائے ظفر احمد اور ترجمان صلاح الدین نے آج میڈیا کو بتایا کہ عرصہ 6ماہ سے ہسپتال انتظامیہ چیف ایگزیکٹو پروفیسر ظفر حسین تنویر کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ، کنٹرولر کمشنر ساہیوال کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا مگر انہوں نے ہر قیمت پر رحمت العالمین بلاک کا نام تبدیل کرنے کے لیے بلاک کے مین گیٹ پر اے آر بلاک کے بور ڈ لگا دیے ہیں جس سے ہسپتال انتظامیہ کی بد یانتی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 1986میں ڈپٹی کمشنر سید تجمل عباس نے مخیر حضرا ت کے عطیات کی بنیاد پر رحمت العالمین بلاک کی بنیادرکھی اور 1988میں جب یہ بلاک مکمل ہوگیا اس بلاک میں گائنی وارڈ ، چلڈرن وارڈ اور امراض دل کے مریضوں کے وارڈ ہیں اور اس بلاک کا افتتاح15ستمبر 1988کو میاں محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے کیا تھا ۔