جشن آزادی تقریبات : نومبر میں ملک بھر میں کتاب میلے، مشاعرے، ادبی مجالس اور قومی ورثہ کی نمائشیں منعقد کی جائیں گی

تحریک پاکستان ، قومی ہیروز، ملکی ترقی کو اجاگرکیاجائے گا،رعائتی قیمت پر کتب بھی دستیاب ہوں گی قیام پاکستان کی قربانیوں اورکامیابیوں سے نوجوانوں کو آگاہ کرنے سے ان میں ولولہ تازہ پیدا ہوگا۔ عرفان صدیقی تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص خواتین، نوجوانوں اوربچوں کی دلچسپی کے حامل پروگرام شامل کرنے کی ہدایت مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلے، مختلف تیاریوں کا جائزہ لیاگیا

بدھ 18 اکتوبر 2017 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے تحت ستر سالہ جشن آزادی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں آئندہ ماہ ملک بھر میں کتاب میلے، مشاعرے، ادبی مجالس اور قومی ورثہ نمائشیں منعقد کی جائیں گی ۔ان سرگرمیوں کے ذریعے تحریک پاکستان ، قومی ہیروز اورمختلف شعبہ جات میں ہونے والی ملکی ترقی کو اجاگرکیاجائے گا۔

بدھ کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میںان تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ عرفان صدیقی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تقاریب کو بامعنی بنایا جائے اور ان میں عمومی تفریح کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی تحریک کے پہلوئوں کو اجاگر کرنے کا خصوصی اہتمام یقینی بنایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان عظیم قربانیوں کے طفیل وجود میں آیا اور ستر سال کے سفر کے دوران کٹھن مراحل سے گزر کر اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ اس بارے میں نوجوان نسل کو آگاہ کرنا قومی فرض ہے تاکہ نوجوان پورے اعتماد، نئے ولولے اور نظریہ پاکستان سے پوری وابستگی کے جذبے کے ساتھ مستقبل کی تعمیر میں حصہ لیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تقاریب میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے اور خواتین، نوجوانوں اوربچوں کی دلچسپی کے حامل پروگرام خاص طورپر شامل کئے جائیں۔

مشیر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیشنل بک فائونڈیشن (این بی ایف) کے زیرانتظام ملک بھرمیں قائم اس کی بائیس شاخیں جشن آزادی کے تناظر میں خصوصی کتاب میلوں کا انعقاد کریں گی جن میں تحریک پاکستان، مشاہیر پاکستان، پاکستان کی ثقافت اور قومی شخصیات کے بارے میں لکھی گئی کتب کی نمائش کی جائے گی۔یہ نمائشیں نومبر کے پورے ماہ جاری رہیں گی جن میں رعائتی قیمتوں پر کتابیں دستیاب ہوں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اکادمی ادبیات پاکستان ملک کے تمام بڑے شہروں میں مشاعروں اور ادبی محافل کا انعقاد کرے گی۔ ان تقریبات کا اہتمام مختلف ادبی تنظیموں کے اشتراک سے کیاجائے گا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ذیلی ادارہ ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز (ڈوم) ملکی ورثہ، نوادرات اور مخطوطات کی نمائشیں منعقد کرے گا۔

ایک بڑی نمائش اسلام آباد میں ہوگی۔ یاد رہے کہ حکومت نے پاکستان کے سترسالہ جشن آزادی کے سلسلے میں مسلسل چھ ماہ تک مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیاتھا جس کے تحت قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن دوسرے مرحلے میں ان خصوصی تقاریب کا اہتمام کررہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹریز کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی، سید جنید اخلاق، ایم ڈی۔ این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاوید، اکادمی ادبیات کے چئیرمین ڈاکٹر قاسم بھگیو اور دیگر حکام نے شرکت کی