حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ،خمیازہ ملک اور پسے ہوئے طبقات کو بھگتنا پڑ رہا ہے‘ جمشید چیمہ

اربوں کے قرضے غریب عوام نے اتارنے ہیںاس لئے اسحاق ڈار کو کوئی پریشانی نہیں

بدھ 18 اکتوبر 2017 20:45

۔لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صد ر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے جس کا خمیازہ ملک اور اس کے پسے ہوئے طبقات کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،اربوں کے قرضے غریب عوام نے اتارنے ہیںاس لئے اسحاق ڈار کو کوئی پریشانی نہیں ، حکومت میں آتے ہی اربوں کی ادائیگیوںکے باوجود گردشی قرضوںکا دوبارہ400ارب سے تجاوز کر جانا لمحہ فکریہ ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ملک کو معاشی طور پرپائوں پر کھڑا کرنے کے دعویداروں کے دور میں حالات مزید ابتر ہو گئے ہیں ۔اسحاق ڈار کا معیشت مستحکم ہونے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹ ہے اور اس کا پول جلد کھلنے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تجربہ کار اسحاق ڈار کا اپنی نااہلی کی سزاعوام کو دینے کوشش نئی نہیں۔

(جاری ہے)

درآمدی اشیاء کی آڑ میں کھانے پینے سمیت731اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائدکرکے عوام کی جیبوں پر 25ارب کا ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

حکمرانوں کی کرپشن، سرکاری خزانے سے کی گئی عیاشیوں کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کی بجائے اپنی توجہ صرف شعبدہ بازی کے منصوبوں پر مرکوز کر رکھی ہے ۔ سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں کی صورتحال کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ اگر ہسپتالوں کی حالت ابتر نہ ہوتی تو حکمران چھینک آنے پر بھی علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہونے کی بجائے اپنے ملک میں علاج کراتے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنے بچوں کے مستقبل کو مد نظر رکھ کر ووٹ کاسٹ کریںاور اگر اب بھی شعور کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

متعلقہ عنوان :