وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے (کل) ترکی روانہ ہوں گے

نومبر 2012ء میں اسلام آباد سمٹ کے دوران ڈی ایٹ چارٹر اور گلوبل وژن کی 2 اہم دستاویز پر دستخط ہوئے تھے

بدھ 18 اکتوبر 2017 20:05

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کے لئے (کل) جمعرات کو ترکی روانہ ہوں گے،ڈی 8 سربراہ اجلاس 20 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا، پاکستان اور ترکی پر مشتمل 8 ترقی پذیر ممالک کا 9 واں سربراہ اجلاس ہے ،ْاس وقت ڈی ایٹ کی سربراہی پاکستان کے پاس ہے، اس نے نومبر 2012ء میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 8 ویں ڈی ایٹ میں صدارت سنبھالی تھی۔

پاکستان دو سال کی عمومی مدت کے بعد بھی صدارت کے فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ نومبر 2012ء میں اسلام آباد سمٹ کے دوران ڈی ایٹ چارٹر اور گلوبل وژن کی 2 اہم دستاویز پر دستخط ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ڈی ایٹ سمٹ کی سربراہی ترکی کو سونپیں گے۔ استنبول سربراہ کانفرنس میں اعلامیہ اور لائحہ عمل کی منظوری متوقع ہے۔ ڈی ایٹ منشور میں تعاون کے اہم شعبہ جات میں توانائی، صنعت، زراعت و غذائی تحفظ، توانائی، تجارت، ٹرانسپورٹیشن و سیاحت شامل ہیں۔ استنبول سربراہ کانفرنس کے موقع پر تنظیم کی 20 ویں سالگرہ بھی منائی جائے گی۔ توقع ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ڈی ایٹ رکن ممالک کے رہنمائوں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔