صوبے میں بھائی چارے کے فروغ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں ،قبائلی عمائدین کو کردار ادا کرنا ہوگا ،سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء)سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سابق صوبائی وزیراور مسلم لیگ (ن)کے رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کردگیلوودیگر نے سادات قبیلہ کے نو منتخب سردار ارشاد علی شاہ کی بدھ کے روز دستار بندی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھائی چارے کے فروغ کیلئے تمام سیاسی جماعتوں ،قبائلی عمائدین کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

خاندان سادات ہمیشہ صوبے کی ترقی امن کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ اس موقع پر نو منتخب سردار ارشاد علی، پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر حاجی جمعہ خان ،کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عبدالباقی کاکڑ، نائب صدر سید سلیم رضا ایڈووکیٹ،سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ صوبے میں امن وبھائی چارے کے فروغ کیلئے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس کا مقابلہ محض متحد ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ خاندان سادات کی صوبے میں امن و ترقی کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں اور اہل سادات نے سرزمین بلوچستان میں اسلامی تعلیمات اور علم کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔

مقررین نے نو منتخب سردار کو مبارکباددیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ارشاد علی شاہ سادات قبائل کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔نومنتخب سردار ارشاد علی کی جانب سے معزز مہمانوں ،قبائلی عمائدین ،سیاسی جماعتوں کے اعزاز میںپرتکلف ظہرانہ دیا گیا ۔