چوتھی بار وزارت عظمیٰ کا منصب عوام کے وزیر اعظم میاں نوازشریف کا منتظر ہے،ملک جمشیدکھوکھر

مخالفین جتنی سازشیں مرضی کر لیں پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،رہنماء مسلم لیگ ن

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئررہنماء ملک جمشیدکھوکھرنے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں میاں محمد نواز شریف کا راستہ روکنا پاکستان کی کسی سیاسی قوت کے بس کی بات نہیں۔ چوتھی بار وزارت عظمیٰ کا منصب عوام کے وزیر اعظم کا منتظر ہے۔ عوام کے وزیر اعظم پارٹی قیادت اور عوام کی رائے کی روشنی میں مستقبل کے فیصلے کریں گے۔

ملکی سیاست کی تاریخ اور جغرافیہ تبدیل کرکے میاں محمد نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانا قوم کا واحد مطالبہ ہے۔ جسے پاکستان مسلم لیگ ن ہر مطالبے پر مقدم رکھتی ہے۔سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکمران جماعتیں جھوٹے وعدوں کی پٹاریاں لے کر عوام کو دھوکا دینے کے لئے میدان میں کل آئی ہیں۔

(جاری ہے)

کہیں لیکچر اور کہیں عوامی رابطوں کے نام پر عوام سے سے ایک مزید باری کی بھیک مانگنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین مانگا منڈی پریس کلب ڈاکٹرمحمدعدنان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،ملک جمشیدکھوکھرنے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن عوام کے حقوق کی ترجمانی کر رہی ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے حالیہ دور اقتدار میں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے اہم اقدامات کر کے قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے نواز شریف اپنی نہیں عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

مخالفین ہار کے خوف سے بہانے تلاش کر رہے ہیں اب بھاگنے نہیں دیں گے۔ سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں اور لوٹ مار کے باعث غریب عوام کا برا حال تھا لیکن میاں محمد نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا۔ آج پوری قوم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لئے پر عزم ہے پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت سی پیک کو مکمل کرے گی اور اقتصادی راہداری سمیت دیگر اہم منصوبوں کی طرح سی پیک مکمل ہو گا۔ مخالفین جتنی سازشیں مرضی کر لیں پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔