اوپی سی نے اوورسیز پاکستانی کو80 لاکھ روپے مالیت اراضی کا قبضہ دلوادیا

سعودی عرب میں مقیم ارشد جاوید نے 6 ایکٹر 2 کنال اراضی خریدی جس میں سے 19 کنال کا قبضہ نہیں دیاگیا تھا‘افضال بھٹی

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء)اوورسیز پاکستانیزکمیشن (اوپی سی)پنجاب کی کوششوں سے سمندرپارمقیم پاکستانی کو 80 لاکھ روپے مالیت کی 19 کنال 7 مرلہ زرعی اراضی کا قبضہ دلوادیاگیاہے۔یہ بات کمشنر اوپی سی افضال بھٹی نے کمیشن کے افسران کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ ڈی جی اوپی سی جاوید اقبال بخار ی اور دیگر سنیئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

افضال بھٹی نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم ارشد جاوید نے کمیشن کو شکایت درج کرائی کہ انہوں نے چک 431 ،تحصیل بوریوالہ،ضلع وہاڑی میں بعض افراد سے 6 ایکٹر 2 کنال اراضی خریدی تاہم انہیںاس میں سے 19 کنال 7 مرلہ اراضی کا قبضہ نہیں دیاگیا،انہیں اس اراضی کا قبضہ دلایاجائے۔یہ شکایت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی وہاڑی کوریفر کی گئی جس کے ارکان کی کوششوں سے مذکورہ اراضی کا قبضہ اوورسیز پاکستانی کو دلوادیاگیا۔افضال بھٹی نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت اوپی سی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔