بلدیہ عظمیٰ کراچی وسائل سے محروم ہے، صوبائی حکومت بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مستحکم بنائے،ڈاکٹرارشد عبداللہ وہرہ ڈپٹی میئر کراچی

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی وسائل سے محروم ہے، صوبائی حکومت بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مستحکم بنائے۔ عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیجی جاچکی ہے تاکہ فوری طور پر ملازمین کی تنخواہیں جاری کی جاسکیں، میری درخواست پر ڈاکٹرز نے او پی ڈی اور دیگر ایمرجنسی شعبہ جات میں مریضوں کو دیکھنا شروع کردیا ہے اور جمعہ تک اپنا احتجاج موخر کردیا ہے، سندھ گورنمنٹ عباسی شہید اسپتال کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرے تاکہ آئے دن ڈاکٹرز احتجاج نہ کریں، اسپتال مریضوں کے علاج و معالجے کے ادارے ہیں، ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کے جذبے سے معمور ہو کر کام کرنا چاہتے ہیں مگر یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے اسپتالوں سے وابستہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں، ان خیالات کا اظہار انہو ںنے بدھ کی صبح عباسی شہید اسپتال میں تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں پر ملازمین کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے احتجاجی مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کے ہمراہ فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پہلے ہی مالی مسائل سے دوچار ہے، یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ما تحت اداروں کو مضبوط کرے اور ان کے مسائل حل کرے تاکہ ان اداروں سے وابستہ افراد کے مسائل حل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم فراہمی پرہمیں ملازمین کے دکھ کا اندازہ ہے اور اس دکھ کو حکومت سندھ کو بھی محسوس کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکمے مسائل کا شکار ہیں ،حکومت سندھ نے آمدنی کے ذرائع اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اس لئے کے ایم سی مالی طور پر غیر مستحکم ہوگئی انہوں نے کہا کہ اب یہ صوبائی حکومت کا کام ہے کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کرائے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو وسائل فراہم کرے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کو جیسے ہی عباسی شہید اسپتا ل میں ملازمین کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کی اطلاع ملی تو وہ فوری طور پر ان سے مذاکرات کے لئے پہنچ گئے ملازمین نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کی اس یقین دہانی پر کہ سندھ حکومت جمعہ تک آپ کی تنخواہیں ادا کردے گی اپنا احتجاج جمعہ تک موخر کردیا۔

متعلقہ عنوان :