تھانہ کلچر میں تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنائیں ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

یونیفارم میں مجرموں کا ساتھ دینے والے اور جرائم کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور کوئی پولیس اہلکار کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میںلائی جائیگی‘آئی جی پنجاب

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:18

تھانہ کلچر میں تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے پولیس افسران و اہلکار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی میرٹ سسٹم کی پاسداری کرتے ہوئے تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنائیں اور تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر غریب اور بے سہارا لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ،یونیفارم میں مجرموں کا ساتھ دینے والے اور جرائم کی پشت پناہی کرنے والوں کیلئے پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور کوئی پولیس اہلکار کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میںلائی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز راولپنڈی میں منعقدہ پولیس دربار میں افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دربار میں آر پی او راولپنڈی ریجن محمد وصال فخر سلطان راجہ ، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خا ن عباسی ، ڈی پی او اٹک عبادت نثار ، ڈی پی او جہلم عبدالغفار قیصرانی اور ڈی پی او چکوال ہارون جوئیہ سمیت سی ٹی او راولپنڈی شاہد یوسف، کائونٹر ٹیررا ز م ڈیپارٹمنٹ ، پنجاب ہائی وے پٹرول، سپیشل برانچ اور راولپنڈی ریجن کے سینئر پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

راولپنڈی پولیس لائنز آمد کے موقع پر آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی آئی جی پنجاب نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ پولیس دربار میں آئی جی پنجاب نے راولپنڈی رینج کے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کیلئے موقع پر ہی احکامات بھی صادر کئے ۔

انہوں نے مز ید کہا کہ پولیس فورس معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور دہشت گردوں و سماج دشمن عناصر کے خلاف جنگ میں لیڈنگ رول ادا کررہی ہے اور مقدس فریضے کی ادائیگی میں اہلکار وں نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، پنجاب پولیس کے ملازمین اور شہدا ء میرے لئے ایک خاندان کی مانند ہیں اور بحیثیت سربراہ اپنے خاندان کی بہترین فلاح و بہبود میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں ویلفئیر پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیںتاکہ پولیس اہلکار بغیر کسی دباؤ کے پوری تندہی ، لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔

آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کیلئے اقدامات کریں، تھانوں سے سفارش اور پرچی سسٹم کا فی الفور خاتمہ کیا جائے اور کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق شہریوں کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ عوام اورپولیس کے مابین فاصلوں میں کمی لا کر معاشرے میں پولیس فورس کے امیج کو بہتر سے بہتر کیا جائے ۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے افسران و اہلکاروں کو مرحلہ وار تربیتی اور ریفریشر کورسز بھی کروائے جائیں اور محکمے میں پہلے سے موجود سزا و جزا کے نظام پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے پی آئی ٹی بی کے تعاون سے کی جانے والی آئی ٹی اصلاحات کو ریجنز کے تمام اضلاع میںفوری طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کی تاکہ سمارٹ پولیسنگ سے فورس کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری آسکے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نفری کی کمی کو بھی جلد پورا کر لیا جائے گا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر ) عارف نواز خان نے پنجاب کی تمام پولیس لائینز میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے احکامات جاری کئے اور راولپنڈی پولیس لائینز میں پانی کی فراہمی کیلئے جدید ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :