Live Updates

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی ملاقات

آئندہ فروری میں کراچی میں پی ایس ایل کے 4 میچ کرانے پر اتفاق

بدھ 18 اکتوبر 2017 19:08

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے آئندہ فروری میں کراچی میں پی ایس ایل کے 4 میچ کرانے پر اتفاق کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے بدھ کو وزیرا علی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیرا علی ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرا علی سندھ نے انہیں کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کرانے کی پیشکش کی اور کہا کہ سندھ حکومت میچز کے دوران فول پروف سیکوریٹی فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پی سی بی کے معیار کے مطابق آپ کو سیکوریٹی فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے اس حوالے سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید اور آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ سے بات کی اور پی سی بی کے سیکوریٹی انچارج کرنل اعظم کے ساتھ ان کی میٹنگ فکس کی تاکہ سیکوریٹی انتظامات پر تفصیلی طورپر غور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے نجم سیٹھی پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال ویسٹ انڈیز کے دورے پاکستان کے دوران کراچی میں چند میچز منعقد کریں۔

ملاقات میں انہوں نے فوری طورپر نیشنل اسٹیڈیم کی بحالی پر بھی غور کیا۔ نجم سیٹھی نے وزیراعلی سندھ سے کہا کہ انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے نیس پاک(این ای ایس پی اے کی) کے ساتھ بات چیت کی ہے اور انہوں نے اسے کم سے کم مدت میں مکمل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے سندھ حکومت اور پی سی بی کے مابین سیکوریٹی اور دیگر معاملات کے حوالے سے کوآرڈینیشن کا ٹاسک اپنے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت کو دیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ آئندہ ہونے والے پی ایس ایل کے کراچی میں انعقاد صوبے بالخصوص کراچی کے لوگوں کے لیے ایک بہت اچھی خبر ہے۔
Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات