ملکی معیشت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کیلئے تمام طبقات کو یکسو ہونے کی ضرورت ہے،نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں اور قومی معاملات پر ہمیشہ نظر رکھیں

صدر مملکت ممنون حسین کا یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی بنوں کے کانووکیشن سے خطاب

بدھ 18 اکتوبر 2017 18:53

بنوں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کیلئے تمام طبقات کو یکسو ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی بنوں کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز صحیح معنوں میں اسی صورت ترقی کر سکتا ہے جب معاشی و معاشرتی شعبوں کے علاوہ سیاسی شعبہ بھی مستحکم ہو، استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں اور قومی معاملات پر ہمیشہ نظر رکھیں تاکہ قومی زندگی رواں دواں رہے اور اندرونی و بیرونی عوامل اس پر اثرانداز ہو کر ترقی کی رفتار کو متاثر نہ کر سکیں، اس مقصد کے حصول کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے جس کی بنیاد زیادہ سے زیادہ تعلیم اور تعلیم یافتہ طبقہ کی قومی معاملات میں بامعنی اور پرخلوص دلچسپی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی وجہ سے دنیا امید بھری نگاہوں سے اس خطہ خاص طور پر پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس راہداری کے ذریعے پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر حصوں میں صنعت و حرفت اور تجارت و معیشت سمیت لوگوں کے معاشرتی رویوں میں بھی ایک ایسی تبدیلی رونما ہو جائے گی جس کیلئے ہمیں زمانہ قبل از راہداری اور بعد از راہداری کی ا صطلاح استعمال کرنی پڑے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ راہداری سے فائدہ اٹھانے کیلئے پوری ذہنی آمادگی کے ساتھ تیاری کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے والے تعلیمی اداروں کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس کا ایک پہلو تو یہ ہے کہ مختلف ٹیکنالوجیز کے زیادہ سے زیادہ ماہرین تیار کئے جائیں تاکہ اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد وطنِ عزیز اور اس خطہ میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوانوں کی بہترین ٹیم موجود ہو جو مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھال سکے اور اس سلسلہ میں ہمیں غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان شدت پسندی اور انتہاء پسندی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی اس جامعہ میں بنوں اور گردونواح کے علاوہ قبائلی علاقوں کے طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے جو زیور علم سے آ راستہ ہونے کے بعد نہ صرف اپنے آبائی علاقوں بلکہ پورے ملک کی خدمت کر سکیں گے جس سے اس خطہ پر چھائے ہوئے انتہاء پسندی کے سائے چھٹ جائیں گے اور وطن عزیز صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت کی حیثیت سے ترقی کی منزلیں طے کر سکے گا۔

اس جامعہ کی طالبات کیلئے علیحدہ کیمپس کا قیام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے، اس طرح یہاں کے لوگ بھی اپنی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آ راستہ کر سکیں گے، یوں اس علاقہ میں خواتین کی شرح خواندگی میں ہی اضافہ نہیں ہو گا بلکہ اعلیٰ تعلیم بھی فروغ پائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وطنِ عزیز کے اس دور افتادہ حصہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیاگیا ہے جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی جا سکی تھی۔

تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی اور ان کی دلچسپی کے شعبہ کا انتخاب کا مرحلہ بہت نازک ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے جامعہ میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور بزنس سینٹر کے شعبے قائم کرنے پر ادارے کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں عدم استحکام کا ایک سبب عمومی تعلیم کی کمی کے علاوہ پیشہ وارانہ تعلیم کا فقدان بھی ہے جس کے سبب سیاست سمیت ہر قسم کے معاملات کو ان کے درست تناظر میں رکھ کر دیکھنا ممکن نہیں رہتا جس کے نتیجہ میں قومی نظم و نسق متاثر ہو جاتا ہے اور ترقی کا عمل برقرار نہیں رہ پاتا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیاں ابھی تک بین الاقوامی رینکنگ میں اس معیار تک نہیں پہنچ سکیں جس پر دنیا کے ممتاز تعلیمی ادارے بہت پہلے پہنچ چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں ضروری ہے کہ ان کامیاب لوگوں کو معیار بنایا جائے جنہوں نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرکے مختلف شعبوں میں نام پیدا کیا۔صدر مملکت نے وفاقی وزیر اکرم خان درانی کی طرف سے یونیورسٹی کے قیام کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کے سلسلے میں اکرم خان درانی کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کامیاب طلباء کو مبارکبا ددی اور اعزازات تقسیم کیے۔تقریب سے وفاقی وزیر اکرم خان درانی، گورنر خیبر پختون خوا جناب اقبال ظفر جھگڑا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر مشتاق غنی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید عابد علی شاہ بھی موجود تھے۔ صدر مملکت ممنون حسین سے دورہ بنوں کے دوران علاقے کے ممتاز افراد نے بھی ملاقات کی۔ شہریوں نے صدر مملکت کو علاقے کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بنوں کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔