ڈیرہ ، میونسپل ایڈ منسٹریشن کے عملہ صفائی کی غفلت سے ڈیال روڈ پر گندگی کے ڈھیر لگ گئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 18:39

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن کے عملہ صفائی کی غفلت کے باعث گورنمنٹ گرلزسینٹینل ماڈل ہائی سکول نمبر ایک کی قریبی گلیوں کی نکاسی آب کی نالیاں بند ہونے سے سکول کی طالبات گندے نکاسی کے پانی سے گزرنے پر مجبور ،ڈیال روڈ پر گندگی کے ڈھیر لگ گئے ،اہلیان علاقہ کا ٹی ایم اے کے عملہ صفائی کے خلاف احتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے کے عملہ صفائی کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث ڈیرہ شہر میں واقع گورنمنٹ گرلز سینٹینل ماڈل ہائی سکول نمبر ایک کے ارد گرد نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی کا گندا پانی جا بجا گلیوں میں کھڑا ہے جو تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے اس گندے پانی سے طالبات کو گزرنا پڑتا ہے جس سے نہ صرف انکی یونیفارم خراب ہوتی ہے بلکہ انکو سخت زہنی کوفت کا بھی سامنا ہے اہل محلہ کے بچے ،خواتین اور بوڑھے بھی اس گندے پانی سے سخت متاثر ہورہے ہیں جبکہ ڈیال روڈ کے دونوں اطراف عملہ صفائی کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر صفائی نہ کرنے اور نہ ہی اٹھانے کے باعث ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں بلکہ گندگی سڑکوں تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بدبو اور بیماریاں پھیل رہی ہیں بلکہ یہ گندگی حادثات کا بھی باعث بن رہی ہے اہلیان علاقہ نے ٹی ایم اے کے عملہ صفائی کی غفلت پر سخت احتجاج کیا ہے اور اسکی فوری صفائی کا مطالبہ کیا ہے ۔